رسائی کے لنکس

بھارت میں فائیو جی سروس کا آغاز


بھارت نےتیز ترین انٹرنیٹ کے نئے دور کی جانب قدم رکھ دیا ہے۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے ملک میں فائیو جی ٹیلی کام سروسز کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔

نریندر مودی نے ہفتے کو نئی دہلی کے پراگتی میدان میں انڈیا موبائل کانگریس 2022 نمائش میں فائیو جی سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ٹیلی کام آپریٹرز اور ٹیکنالوجی کمپنیز کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور وہاں فائیو جی کے استعمال کا براہ راست تجربہ کیا۔

اس تقریب میں بھارت کے وزیرِ ٹیلی کام اشونی ویشناو اور ٹیلی کام انڈسٹری کی بڑی شخصیات ریلائنس جیو کمپنی کے مالک مکیش امبانی، بھارتی ایئرٹیل کے مالک بھارتی متل اور ووڈا فون آئیڈیا کے منگلم برلا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نریندر مودی نے فائیو جی کے لانچ کو ٹیلی کام انڈسٹری کی جانب سے 130 کروڑ بھارتیوں کے لیے تحفہ قرار دیا گیا۔

نریندر مودی نے کہا کہ ڈیجیٹل بھارت کی کامیابی کی بنیاد چار ستونوں پر ہیں، جس میں ڈیوائس کی لاگت، ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی، ڈیٹا کی لاگت اور ڈیجیٹل فرسٹ کی سوچ شامل ہے اور ہم نے ان تمام پر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ا ور ٹیلی کام میں ترقی کے ساتھ بھارت انڈسٹری 4.0 انقلاب کی قیادت کرے گا۔ یہ بھارت کی دہائی نہیں بلکہ بھارت کی صدی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں بھارت میں 25 کروڑ انٹرنیٹ کنکشن تھے جو اب 85 کروڑ تک پہنچ گئے ہیں۔ ان کے بقول دیہی علاقوں سے مزید انٹرنیٹ صارفین آ رہے ہیں اور فائیو جی اس میں اہم کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ فائیو جی ٹیلی کام سروسز ہموار کوریج، اعلیٰ ڈیٹا ریٹ، کم تاخیر اور انتہائی قابل اعتماد مواصلاتی نظام فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور اس کے آنے سے آن لائن تعلیم، مائننگ اور دیگر شعبوں میں بہتری کی امید ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'ٹائمز آف انڈیا' کی رپورٹ کےمطابق فائیو جی سروسز ابتدائی طور پر بھارت کے 13 شہروں میں متعارف کرائی جائے گی۔

ابتدائی طور پر تین کمپنیوں 'جیو'، 'ایئرٹیل' اور ووڈا فون آئیڈیا کی جانب سے مخصوص شہروں میں سروس متعارف کرائی جائے گی۔ ان شہروں میں احمد آباد، بنگلور، چندی گڑھ، چنائی، دہلی، گاندھی نگر، گروگرام، حیدرآباد، جمنانگر، کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی اور پونے شامل ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق ٹیلی کام کمپنی ایئرٹیل نے تصدیق کی کہ وہ یکم اکتوبر سے ہی آٹھ شہروں میں سروس کا آغاز کردے گی۔ اسی طرح 'جیو' کے مطابق وہ مخصوص شہروں میں سروس لائے گی اور 2023 تک پورے ملک میں یہ سروس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

البتہ پورے بھارت میں فائیو جی سروس کی کوریج میں وقت درکار ہے اور کہا جا رہا ہے کہ 2024 تک مخصوص آپریٹرز کی ملک بھر فائیو جی سروس دستیاب ہوگی۔

ٹیلی کام کے وزیر اشونی وشناو کا دعویٰ ہے کہ جیسے جیسے حکومت نیٹ ورک کو بڑھائے گی لوگوں سے 5جی سروسز کے لیے پریمیئم نہیں لیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG