رسائی کے لنکس

معروف شوبز ستاروں کی ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک سے تکرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مارول فلموں میں سپر ہیرو 'ہلک' کا کردار ادا کرنے مارک رفلو نے حال ہی میں ایلون مسک سے استدعا کی کہ اگر وہ اپنی ساکھ کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ٹوئٹر سے ہٹ کر اس کی باگ ڈور کسی اور کے ہاتھ میں دے دیں۔

مارک فلو نے کہا کہ ایلون مسک کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی دیگر کمپنیوں 'اسپیس ایکس' اور ’ٹیسلا‘ پر توجہ دیں۔

اداکار مارک رفلو نے اپنے خیالات کا اظہار امریکی سیاست دان الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کیا جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر نے ایلون مسک کو متوجہ کرکے کہا تھا کہ "وہ ایک ایسی ایپلی کیشن پر آٹھ ڈالرز کیوں خرچ کریں جس پر انہیں اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر کسی بھی وقت ہٹایا جاسکتا ہے۔"

اس ری ٹوئٹ پر ایلون مسک کا جواب تھا کہ "الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز جو بھی کہتی ہیں ضروری نہیں وہ ٹھیک ہو۔"

ایلون مسک کے جواب پر مارک رفلو نے کہا کہ بلیو ٹک والے صارفین ٹوئٹر کی کامیابی کا ایک اہم حصہ رہ چکے ہیں، اگر ان کے مفادات کا خیال نہ رکھا گیا تو اس سے ٹوئٹر اور اس کے نئے مالک دونوں کی ساکھ پر اثرپڑے گا۔ بعدازاں لوگوں کے پاس ٹوئٹر چھوڑنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہو گا۔

یاد رہے کہ جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کی ہے اور اس کی پالیسیوں میں تبدیلیاں کی ہیں اس وقت سے ہالی وڈ سمیت کئی معروف شخصیات کا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد صارفین سے اسے بہتر بنانے کے مشورے بھی مانگے تھے جس پر علی ظفر سمیت کئی افراد نے انہیں مشورے دیے۔

علی ظفر کے بقول "اگر تخلیق کاروں کو لائیکس اور فالوورز کی جنگ سے نکل کر زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں تو اس سے ٹوئٹر کوفائدہ پہنچ سکتا ہے۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹوئٹر کو چاہیے کہ ایک الگ ڈیجیٹل دنیا قائم کرے جہاں صارفین اپنی مرضی کے مطابق نئی چیزیں سیکھیں اور ہم خیال لوگوں کے ساتھ مل کر ایسے کام کریں جس سے کمائی ہوسکے۔

ایلون مسک کو علی ظفر کی ٹوئٹر ایلگورتھمز کے حوالے سے تجویز بھی پسند آئی جس پر ایلون مسک نے پاکستانی گلوکار واداکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر کے ایلگورتھمز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ جاپان میں موجود نصف سے زائد نوجوان صارفین کے پاس حیرت انگیز مواد ہے جو جاپان سے باہر کبھی نہیں دیکھا گیا۔

شوبز اسٹارز ٹوئٹر کے نئے مالک کے خلاف کیوں؟

ایلون مسک نے اکتوبر کے آخر میں ٹوئٹر کا چارج سنبھالا اور صرف دو ہفتوں کے دوران ان کے فیصلوں نے ڈیجیٹل دنیا میں ہلچل مچا دی۔

تین ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کرنا ہو یا ٹوئٹر پر ویریفائیڈ اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے آٹھ ڈالرز کی فیس متعارف کرانا، اس پلیٹ فارم پر برسوں سے موجود سلیبریٹیز میں سے زیادہ تر ان کے فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں۔

سب سے پہلے تو ایلون مسک نے آتے ہی اپنی سابقہ گرل فرینڈ ایمبر ہیرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مبینہ طور پر معطل کیا۔لیکن صارفین کے خیال میں ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

تاہم کئی شوبز اسٹارز نے ایلون مسک کے آتے ہی اس پلیٹ فارم کو خیرباد کہنے میں بہتری سمجھی۔

اداکار رائن رینلڈز نے تو ٹوئٹر چھوڑ کر ایک اور پلیٹ فارم 'ٹمبلر' جوائن کرلیا جب کہ اداکارہ ہیلن ہنٹ، ووپی گولڈبرگ اور ماڈل جی جی حدید سمیت کئی سلیبریٹیز نے ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان کیا۔

ووپی گولڈبرگ نے ایک ٹی وی شو کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں آج ہی ٹوئٹر چھوڑ رہی ہوں کیوں کہ میرے خیال میں جس طرح کے لوگوں کو میں اپنی زندگی سے ہٹاچکی تھی وہ اب اس پلیٹ فارم کا حصہ ہیں۔"

اداکارہ ہیلن ہنٹ نے بھی انسٹا اسٹوری کے ذریعے ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان کیا جب کہ فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جی جی حدید نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ٹوئٹر کی ہیومن رائٹس ٹیم کی برطرفی کے حوالے سے کیے گئے ایک ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم کو خیرباد کہہ دیا۔

جی جی کا کہنا تھا کہ "نئی لیڈر شپ کے آنے کے بعد اس پلیٹ فارم پر بہت زیادہ تعصب اور نفرت ذخیرہ ہو گئی ہے اور میں ایسی جگہ کا حصّہ نہیں بننا چاہتی۔"

اس سے قبل معروف پروڈیوسر شونڈا رائمز اور اداکارہ جمیلہ جمیل نے ایلون مسک کے چارج سنبھالتے ہی ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

حال ہی میں ایلون مسک نے ٹوئٹر پر پیروڈی اکاؤنٹس چلانے والوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر ان کی پروفائل پر پیروڈی اکاؤنٹس نہیں لکھا ہوگا تو وہ انہیں بغیر کسی اطلاع کے معطل کردیں گے۔

ان کا یہ اقدام ان صارفین کے لیے تھا جنہوں نے احتجاج کے طور پر ٹوئٹر اکاؤنٹس کا نام بدل کر ایلون مسک رکھ لیا تھا۔ ان افراد میں جہاں مشہور کامیڈین کیتھی گرفن شامل ہیں وہیں اداکارہ سارہ سلورمین بھی اس احتجاج کا حصہ تھیں۔

اس سے قبل بلیو ٹک والے صارفین سے 20 ڈالر تک وصول کرنے کے فیصلے پر معروف مصنف اسٹیفن کنگ نے کہا تھا کہ ٹوئٹر کو چاہیے کہ ان سے 20 ڈالرز کی فیس چارج کرنے کے بجائے انہیں ڈالرز دے۔

اسٹیفن کنگ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا تھا کہ صرف اشتہارات سے ٹوئٹر کے اخراجات پورے نہیں ہوسکتے۔ اگر 20 ڈالرز انہیں زیادہ لگ رہے ہیں تو وہ تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے لیےصرف آٹھ ڈالر دے دیں۔بعدازاں مسک نے ویریفائیڈ اکاؤنٹس کے لیے ماہانہ آٹھ ڈالرز کی فیس کا اعلان کردیا۔

صرف سلیبریٹیز ہی نہیں ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے بھی ایلون مسک کو پلیٹ فارم چلانے کے مشورے دیے جن پر عمل کرکے انہیں فائدہ ہوسکتا ہے۔

ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے ایلون مسک کے ایک ایسے ٹوئٹ پر جواب دیا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ان کا مقصد ٹوئٹر کو ایک انفارمیشن کا درست ذریعہ بنانا ہے۔

جیک ڈورسی نے اس پر سوال کیا کہ وہ کس کے لیے اسے 'ایکوریٹ' بنانا چاہ رہے ہیں جس پر ایلون مسک بولے کہ ٹوئٹر کے صارفین کے لیے۔

جب بلیو ٹک اور انفارمیشن کی درستگی پر ٹوئٹر کے بانی مارک کیوبن نے اپنا مؤقف بیان کیا تو ایلون مسک نے انہیں خاموش کرنے کی کوشش کی۔جس پر مارک کیوبن نے کہا "تمہارا بزنس، تمہارا فیصلہ۔"

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG