رسائی کے لنکس

آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا کوئی فیورٹ نہیں ہے: خواجہ آصف


پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے مشاورت 18 یا 19 نومبر کے بعد شروع ہو گی۔

خواجہ آصف کے بقول آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے پاکستان کی فوج کی جانب سے جو نام بھیجے جائیں گے، ان پر غور کیا جائے گا۔

وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس طرح ریاستی اداروں کے خلاف الزام تراشی کی، ان کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کیا جارہا ہے۔

اُمید نہیں ہے کہ شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر کریں گے: عمران خان

ُپاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اُنہیں اُمید نہیں ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر کریں گے۔

منگل کو لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو خطاب میں سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر ایک سزا یافتہ شخص نواز شریف سے مشاورت کرنا اخلاقی طور پر کسی کو زیب نہیں دیتا۔

عمران خان نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اپنی مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ اُن پر ہونے والے قاتلانہ حملے، ارشد شریف قتل کیس اور اعظم سواتی کے معاملے کا نوٹس لیں۔

شہباز شریف ایک بار پھر کرونا کا شکار

پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کرونا وائرس کا شکار ہو گئے جب کہ ان کی طبیت ناز ساز ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی وزیرِ اعظم کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے کرونا ٹیسٹ کیا گیا۔

انہوں نے شہباز شریف کی طبیعت کے ناساز ہونے کی بھی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف دو روز قبل لندن میں اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کرکے پاکستان واپس لوٹے ہیں۔

لندن سے بھی انہوں نے اپنی واپسی طبیعت کی ناسازی کے سبب دو دن کے لیے مؤخر کر دی تھی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی طبیعت اب کیسی ہے۔

مریم اورنگزیب نے ان کی صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔

پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے باہر آ چکا ہے: بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے باہر آ چکا ہے۔

کراچی میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش 'آئیڈیاز 2022' کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے۔ رواں برس بد ترین مون سون کے سب ملک کا ایک بڑا حصہ سیلاب کی زد میں آیا اور لگ بھگ 32 ارب ڈالرز کے نقصانات ہوئے جو کہ ملک کے جی ڈی پی کے 10 فی صد کے برابر ہے۔ اس سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ان کے مطابق ان حالات میں موجودہ اتحادی حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی کے تحت دیگر ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔

پاکستان برطانیہ کی ہائی رسک تھرڈ کنٹریز کی فہرست سے خارج

برطانیہ نے پاکستان کو تھرد کنٹریز کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ برطانیہ کے اس اقدام کی وجہ پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل در آمد ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ برطانیہ کا یہ اقدام ایف اے ٹی ایف کے 21 اکتوبر کے اقدام کے بعد سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف ٹی ایف نے 21 اکتوبر کو پاکستان کو اپنی گرے لسٹ سے خارج کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG