رسائی کے لنکس

'ایپل' کے شریک بانی اسٹیو جابز کی چپل دو لاکھ 18 ہزار ڈالرمیں نیلام


امریکہ کی عالمگیر شہرت رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کے زیرِاستعمال رہنے والی پرانی چپل دو لاکھ 18 ہزار ڈالرز کی بھاری قیمت میں نیلام ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے رپورٹ کیا کہ ایک نیلام گھر جولینز آکشنز نے اتوار کو کہا کہ برکن اسٹاکس کمپنی کی یہ چپل استعمال شدہ ہے۔ یہ چپل 1970 کی دہائی میں اسٹیو جابز کے زیرِ استعمال رہی تھی جنہیں بولی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

نیلام گھر کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر کہا گیا کہ مسلسل استعمال کی وجہ سے اس چپل کے اندرونی تلے کے اوپر اسٹیو جابز کے پیروں کے نقش موجود ہیں۔ یہ گہرے نشان ان سینڈلز کے برسوں اسٹیو جابز کے زیر استعمال ہونے کا پتا دیتے ہیں۔

جولینز آکشن کا کہنا ہے کہ انہیں توقع تھی کہ چپل کی اس جوڑی کی بولی 60 ہزار ڈالر تک لگے گی لیکن این ایف ٹی کےساتھ یہ دو لاکھ 18 ہزار 750 ڈالر میں فروخت ہوئے ہیں۔ نیلام گھر نے چپل کےخریدار کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ 1976 میں اسٹیو جابز اور اسٹیو وزنیاک نے ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس آلٹس میں جابز کے آبائی مکان سے مشترکہ طور پر ایپل کمپنی کا آغاز کیا تھا۔ 2013 میں لاس آلٹس ہسٹوریکل کمیشن نے اس عمارت کو تاریخی مقام قرار دیا تھا۔

اسٹیو جابز سال 2011 میں لبلبے کے سرطان کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ انہیں ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا میں انقلابی تبدیلیاں لانے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG