رسائی کے لنکس

انڈیانا جونز کی 15 برس بعد واپسی؛ پانچویں اور آخری فلم میں نیا کیا ہوگا؟


ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ 15 برس بعد بطور انڈیانا جونز فلم میں نظر آئیں گے۔
ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ 15 برس بعد بطور انڈیانا جونز فلم میں نظر آئیں گے۔

انڈیانا جونز کے شائقین اپنے پسندیدہ کردار کو 15 برس بعد اسکرین پر دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔'انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی' فرنچائز کی پانچویں اور آخری فلم ہو گی جو آئندہ برس 30 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

حال ہی میں فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے۔ ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ 15 برس بعد بطور 'انڈیانا جونز' فلم میں نظر آئیں گے۔آخری بار ہیریسن نے سن 2008 میں سیریز کی چوتھی فلم 'انڈیانا جونز اینڈ دی کنگڈم آف دی کرسٹل اسکل' میں یہ کردار ادا کیا تھا۔

اداکار ہیریسن فورڈ 80 برس کے ہونے کے باوجود فلم میں کئی اسٹنٹس کرتے نظر آئیں گے۔ جب کہ وہ ایک اسٹنٹ کی وجہ سے زخمی بھی ہوگئے تھے۔ فلم میں ہیریسن فورڈ کو ایک دو فلیش بیک سین میں نوجوان دکھانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

پانچویں فلم میں موسیقار جون ولیمز کا تھیم میوزک بھی ہے جسے ہالی وڈ کے بہترین تھیم میوزک میں شمار کیا جاتا ہے۔ ٹریلر میں انڈیانا جونز کا مشہور زمانہ چابک، گھوڑے پر بیٹھ کر کسی کا پیچھا کرنا، سب وے میں ٹرین سے ممکنہ ٹکراؤ اور ایک چلتے ہوئے رکشے سے دوسرے پر کودنا بھی دکھایا گیا ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انڈیانا جونز کی فلم کی ہدایت کاری اسٹیون اسپیلبرگ کے بجائے دو بار آسکر جیتنے والے جیمز مین گولڈ نے دی ہے۔

انڈیانا جونز 1930 کی دہائی میں آثار قدیمہ کا ایک پروفیسر ہے جو ایسے نوادرات ڈھونڈتا ہے جس کے بارے میں عام لوگوں نے صرف سنا ہوتا ہے۔ سن 1981میں ریلیزہونے والی 'ریڈرز آف دی لوسٹ آرک' میں ہیریسن فورڈ نے اس کردار کو پیش کیا گیا۔ جب کہ تین برس بعد اس سیریز کا پریکوئل 'انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم' ریلیز ہوا تھا۔

پہلی فلم میں انڈیانا جونز کا مقابلہ جرمن ڈکٹیٹر ہٹلر کے فوجیوں سے ہوتا ہے جو گمشدہ آرک کی کھوج میں ہوتے ہیں، جس کے بارے میں مشہور تھا کہ اسے پاکر فوجیں ناقابل تسخیر بن سکتی ہیں۔ جب کہ دوسری فلم میں انڈیانا جونز بھارت آکر ایک ایسے گاؤں کی مدد کرتا ہے جن کے بچے مقامی گرو مولا رام (امریش پوری) کے ساتھی اغوا کرکے لے جاتے ہیں اور بعدمیں انہیں قربانی کا کہہ کر قتل کردیتے ہیں۔

پانچ سال کے وقفے کے بعد سن 1989 میں انڈیانا جونز کی تیسری فلم 'انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ' ریلیز ہوئی جس میں ایک بار پھر جرمن فوجیوں کو بطور ولن پیش کیا گیا تھا۔

اس فلم میں انڈیانا جونز کو نہ صرف جرمن فوجیوں سے پہلے 'ہولی گریل' تک پہنچنا ہوتا ہے بلکہ اپنے باپ پروفیسر ہنری جونز (شان کونری) کو بھی جرمن فوج کی قید سے آزاد کرانا ہوتا ہے۔

سیریز کی تیسری اور چوتھی فلم کے درمیان 19 برس کا وقفہ تھا اسی لیے جب ہیریسن فورڈ کی بطور انڈیانا جونز واپسی ہوئی تو ان کے ساتھ ساتھ نوجوان اداکار شایا لبف کو بھی اس میں کاسٹ کیا گیا۔ تاکہ نوجوان اور بڑی عمر کے شائقین کو سنیما لایا جاسکے۔لیکن اسٹیون اسپیلبرگ کی ہدایت کاری میں بننے والی چوتھی فلم باکس آفس پر زیادہ بزنس نہ کرسکی۔

لیکن 'انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی' کے پروڈیوسر اور ہدایت کار سیریز کی آخری فلم کی کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔

دو دسمبر کو ریلیز ہونے والے فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی 60 کی دہائی کے گرد گھومتی ہے، جب امریکہ کو جرمنی سے زیادہ سوویت یونین سے خطرہ تھا۔ یہ وہی دہائی تھی جب دونوں سپر پاورز کے درمیان سرد جنگ کا آغاز ہوا تھا جب کہ دونوں ہی خلائی دوڑ میں بھی حصہ لے رہے تھے۔

شائقین کی نظر میں ٹریلر میں موجود ایک سین انہیں 'اسٹار وارز 'میں استعمال ہونے والے جہاز ملینیئم فیلکن کی بھی یاد دلاتا ہے۔ 'اسٹار وارز' کی فرنچائز جورج لیوکس نے بنائی جو انڈیانا جونز کے بھی خالق ہیں۔

فلم میں ولن کا کردار اینٹونییو بینڈیرس اور میڈز مکلسن نے ادا کیا ہے۔ جب کہ انڈیانا جونز کی مدد کرنے والے صلاح (جان ریس ڈیوس) بھی فرنچائز میں 34 سال بعد واپس آ رہے ہیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG