ٹوئٹر کے بعد اب فیس بک اور انسٹاگرام صارفین بھی جلد ہی معاوضہ ادا کر کے 'بلیو ٹک' کا بیج حاصل کر سکیں گے۔
فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی 'میٹا' نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ پلیٹ فارم جلد اکاؤنٹ ویری فکیشن کے لیے پیڈ سروس کا آغاز کرے گا جس کے تحت صارفین معمولی معاوضے کی ادائیگی کے بعد اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کر سکیں گے۔
'میٹا' کے مطابق اکاؤنٹ تصدیق کرانے اور بلیو بیج حاصل کرنے کے لیے صارفین کو ماہانہ 11.99 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔ تاہم فیس بک اور انسٹاگرام پر ایسے اکاؤنٹس جو پہلے ہی تصدیق شدہ ہیں ان پر یہ چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میٹا کی اس سروس کا آغاز رواں ہفتے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
کمپنی کے سی ای او مارک زکر برگ نے فیس بک پرجاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ "اس نئے فیچر کے تحت سیکیورٹی مزید بہتر ہو سکے گی۔"
فیس بک اور انسٹاگرام پر موجود 18 یا اس سے زائد عمر کے صارفین کمپنی کو ادائیگی کر کے اپنا اکاؤنٹ ویری فائے کرا سکتے ہیں۔لیکن یہ سروس کاروبار کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
'میٹا' کی جانب سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں کمپنی نے اپنے 11 ہزار ملازمین کو فارغ کیا تھا جو اس کے کُل اسٹاف کا 13 فی صد تھا۔
اس سے قبل ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے بھی ٹوئٹر پر اکاؤنٹ کی تصدیق کرانے کے لیے معاوضہ ادا کرنے کی سروس کا اعلان کیا تھا۔ مسک نے آٹھ ڈالرز ماہانہ کے عوض بلیو ٹِک کی سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔اس اقدام پر انہیں خاصی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسخبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔