رسائی کے لنکس

بافٹا 2023: نیٹ فلکس کی فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' سات ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب


نیٹ فلکس کی فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' سات ایوارڈز کے ساتھ آسکرز کی ریس میں سب سے آگے ہے۔
نیٹ فلکس کی فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' سات ایوارڈز کے ساتھ آسکرز کی ریس میں سب سے آگے ہے۔

نیٹ فلکس کی فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ'نے برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز (بافٹا) کی سات مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز جیت کر مقابلے میں شامل تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اتوار کو لندن میں بافٹا کی سالانہ تقریب کے دوران سال کی بہترین فلموں، اداکاروں و ہدایت کار سمیت 25 مختلف کیٹیگریز کے لیے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کو بہترین فلم، بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے، بہترین نان انگلش فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین سینماٹوگرافی، بہترین ساؤنڈ اور اوریجنل اسکور کی کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

جرمن مصنف ایرک ماریا ریمارک کے 1928 کے ناول پر مبنی اس فلم میں پہلی جنگِ عظیم کے دوران پیش آنے والے تنازعات کی داستان بیان کی گئی ہے۔

فلم کو 'بافٹا' ایوارڈز کے لیے 14 نامزدگیاں ملی تھیں۔البتہ سات کیٹیگریز میں ایوارڈز جیتنے کے بعد یہ فلم نگری کے سب سے معتبر ایوارڈز 'آسکرز' کی دوڑ میں بھی کامیابیاں سمیٹنے کے لیے تیار ہے۔

آسکرز کے فاتحین کا اعلان آئندہ ماہ ہو گا۔ اس سے قبل ہونے والے ایوارڈز جیتنے والی فلموں سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ کون کون سی فلمیں اور فن کار سب سے بڑے ایوارڈز کی ریس میں ہیں۔

بافٹا ایوارڈز کی نمایاں کیٹیگریز میں 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کا راج رہا ہے۔یہاں بعض کیٹیگریز کی تفصیل دی جا رہی ہے۔

1۔ بہترین فلم

بافٹا 2023 میں بہترین فلم کا ایوارڈ 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں اس فلم کے مدِ مقابل دی بینشیز آف انیشیرن، ایلوس، ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس اور ٹار تھیں۔

2۔بہترین برطانوی فلم

بہترین برطانوی فلم کا ایوارڈ 'دی بینشیز آف انیشیرن' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں فلم آفٹر سن، برائن اینڈ چارلس، ایمپائر آف لائٹ، گڈ لک ٹو یو، لیو گرینڈے، لیونگ، روئل ڈالز میٹلڈا دی میوزیکل، سی ہاؤ دے رن، دی سوئمرز اور دی ونڈر نامزد تھیں۔

3۔بہترین ہدایت کار

بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کے لیے ایڈورڈ برجر کے نام رہا ہے۔

اس کیٹیگری کے لیے مارٹن میک ڈونا (دی بینشیز آف انیشیرن)، پارک چین ووک (ڈسیجن ٹو لیو)، ڈین کوان، ڈینئل شینرٹ (ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس)، ٹوڈ فیلڈ (ٹار) اور جینا پرنس بیتھووڈ (دی وومن کنگ) کو نامزد کیا گیا تھا۔

4۔بہترین اداکارہ

بافٹا 2023 کے لیے بہترین اداکارہ فلم 'ٹار' کے لیے کیٹ بلینچٹ قرار پائیں۔

اس دوڑ میں کیٹ کے ساتھ آنا دے آرمس (بلونڈ)، وائیولا ڈیوس (دی وومن کنگ)، ڈینئل ڈیڈ وائلر (ٹل)، ایما تھامپسن (گڈ لک ٹو یو، لیو گرینڈے) اور میشل یو (ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس) شامل تھیں۔

5۔بہترین اداکار

بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم 'ایلوس' کے لیےآسٹن بٹلر کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ برینڈن فریزر (دی وہیل)، کولن فیرل (دی بینشیز آف انیشیرن)، ڈیرل میکورمک (گڈ لک ٹو یو، لیو گرینڈے)، پال میسکل (آفٹر سن) اور بل نائے (لیونگ) نامزد تھے۔

6۔اوریجنل اسکرین پلے

فلم 'دی بینشیز آف انیشیرن' کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اس ایوارڈ کے لیے فلم ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس، دی فیبلز مین، ٹار اور ٹرائے اینگل آف سیڈنس نامزد تھی۔

7۔ایڈاپٹڈ اسکرین پلے

بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کے لیے فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔

فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کے ساتھ لیونگ، دی کوائٹ گرل، شی سیڈ اور دی وہیل نامزد تھیں۔

8۔نان انگلش فلم

فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' نے بہترین نان انگلش فلم کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

اس کیٹیگری کے لیے ارجنٹائن 1985، کورساژ، ڈسیجن ٹو لیو اور دی کوائٹ گرل نامز دتھی۔

9۔اوریجنل اسکور

فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' اوریجنل اسکور کی کیٹیگری میں بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اس کیٹیگری میں بیبلون، دی بینشیز آف انیشیرن، ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس اور گیئلمو ڈیل ٹورو پنوکیو نامزد تھی۔

XS
SM
MD
LG