رسائی کے لنکس

خامنہ ای کا مسلم ممالک سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات عارضی طور پر منقطع کرنے پر زور


خامنہ ای نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی نمائش کے دورے کے دوران خطاب کیا۔
خامنہ ای نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی نمائش کے دورے کے دوران خطاب کیا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل سے سیاسی تعلقات رکھنے والے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ وقتی طورپر تل ابیب سے اپنے تعلقات منقطع کر دیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے اتوار کو اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر کا یہ بیان جاری کیا جو ایسے وقت میں آیا ہے جب غزہ میں اسرائیل کی عسکری کارروائیاں جاری ہیں جو اس نے حماس کے سات اکتوبر کے حملے کے بعد شروع کی تھیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای قبل ازیں مسلم ممالک پر اسرائیل کے لیے تیل اور خوراک کی بندش کی بھی تجویز دے چکے ہیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بعض مسلم ممالک کی حکومتوں نے اسرائیل کے جرائم کی اسمبلیوں میں مذمت کی ہے جب کہ بعض ممالک میں ایسا نہیں ہوا۔ یہ قابلِ قبول نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم ممالک کا اولین کام تو اسرائیل کو ایندھن اور خوراک کی فراہمی روکنا ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات وقتی طور پر منقطع کر دیں۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کا غزہ کی صورت حال پرمشترکہ اجلاس سعودی عرب میں ہوا تھا۔

اس اجلاس میں ایران نے اسرائیل کے خلاف وسیع پیمانے پر پابندیاں لگانے کی درخواست کی تھی البتہ مسلم ممالک ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی درخواست پر متفق نہیں ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیوں کا مقصد غزہ میں حماس عسکریت پسند تنظیم کا خاتمہ ہے۔

اسرائیل اور ایران کے کئی دہائیوں سے تعلقات عداوت پر مبنی ہیں اور دوںوں مللک ایک دوسرے پر شدید تنقید کرتے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے حالیہ بیان ایک نمائش میں شرکت کے دوران دیا تھا۔ یہ نمائش ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کی 'حالیہ کامیابیوں' کے تناظر میں منعقد کی گئی تھی۔

اس نمائش میں ایران کے 'فتح ٹو' میزائل کو بھی متعارف کرایا جس کو ایران اپنے پہلے "ہائپر سونک میزائل" کی جدید شکل قرار دے رہا ہے۔

ایران نے رواں برس جون میں پہلی بار اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل کی نمائش کی تھی۔

اس وقت تہران نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل اسرائیل اور امریکہ کے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کو باآسانی بائی پاس کر سکتا ہے۔

(اس خبر میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG