رسائی کے لنکس

غزہ میں حماس کی سرنگوں میں پانی چھوڑا جارہا ہے: اسرئیلی فوج


20 جولائی 2016 کو غزہ سٹی میں حماس کے زیر انتظام یوتھ سمر کیمپ میں ہتھیاروں کی نمائش کے دوران ایک فلسطینی نوجوان فوجی مشقوں کے لیے استعمال ہونے والی سرنگ کے اندر، فوٹو اے پی
20 جولائی 2016 کو غزہ سٹی میں حماس کے زیر انتظام یوتھ سمر کیمپ میں ہتھیاروں کی نمائش کے دوران ایک فلسطینی نوجوان فوجی مشقوں کے لیے استعمال ہونے والی سرنگ کے اندر، فوٹو اے پی

اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا کہ وہ غزہ کی سرنگوں میں پانی چھوڑ رہی ہے تاکہ اسرائیل پر حملوں کےلیےحماس کے عسکریت پسندں نے جس زیر زمین پیچیدہ نیٹ ورک کو استعمال کیا تھا اسے تباہ کیا جا سکے۔

فوج نے ایک بیان میں میڈیا رپورٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا،”یہ زیر زمین سرنگوں کے حماس کےنیٹ ورک کے خطرے کو بے اثر کرنے کے لیےاسرائیلی فوج کی جانب سے استعمال کئے جانے والے حربوں میں سے ایک حربہ ہے۔

امریکہ کی ویسٹ پوائنٹ فوجی اکیڈیمی کے ایک جائزے کے مطابق، اکتوبر میں جب جنگ شروع ہوئی تو غزہ کے سرنگوں کے اس نیٹ ورک میں جسے اسرائیلی فوج نے”غزہ میٹرو” کہا ہے، 500 کلومیٹرز سے زیادہ طویل 1300 سرنگیں تھیں۔”

فوج نے جنوبی اسرائیل پر سات اکتوبر کو حماس کے اس حملے کے بعد اسے تباہ کرنے کے عزم کا اظہارکیا تھا جس میں اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر کی گئی اے ایف پی کی گنتی کے مطابق لگ بھگ 1140 لوگ ہلاک ہوئے جن میں سے بیشتر عام شہری تھے۔

سات اکتوبر کے حملے کے دوران غزہ میں 250 لوگوں کو یرغمال بھی بنایا گیا تھا جن میں سے تقریباً 132 ابھی تک قید ہیں جن میں کم از کم 28 ایسے لوگ شامل ہیں جن کے بارےمیں خیال کیا گیا ہے کہ وہ مارے جا چکے ہیں ۔

حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ پر اندھا دھند فضائی، زمینی اور بحری حملے کیے ہیں جن میں علاقے کی وزارت صحت کے مطابق کم از کم 26751 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے بیشتر عورتیں اور بچے تھے ۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حماس نے جن لوگوں کو یرغمال بنایا ہے ان میں سے بہت سے سرنگوں کے وسیع نیٹ ورک میں رکھے گئے تھے یا مسلسل وہاں رکھے گئے ہیں۔

دسمبر میں اسرائیلی میڈیا کی کچھ رپورٹوں میں خبر دی گئی تھی کی فوج بحیرہ روم سے سمندری پانی کو پمپ کر کے سرنگوں میں چھوڑنے پر غور کر رہی ہے ۔

لیکن ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ یہ ایک خطرناک طریقہ ہےاور اس سے غزہ کے محصور شہریوں کو سخت خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق اس وقت کے رابطہ کار ،لین ہیسٹنگز نے دسمبرمیں انتباہ کیا تھا کہ اس سے غزہ میں پانی اور نکاسئی آب کے اس انفرااسٹرکچر کو سخت نقصان پہنچے گا جو پہلے ہی بہت زیادہ خراب ہے ۔

انہوں نے کہا تھا کہ غزہ میں سمندری پانی کو چھوڑنے اور اس کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے عمارتوں اور سڑکوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگا ۔

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے

فورم

XS
SM
MD
LG