رسائی کے لنکس

پاکستان میں الیکشن؛ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز ملک بھر کے انتخابی حلقوں میں پہنچا دیے گئے ہیں۔

15:15 5.2.2024

نواز شریف انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر انتخابات میں گڑبڑ کرنا چاہتے ہیں: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور جماعت کی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ نواز شریف انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر الیکشن میں گڑ بڑ کرنا چاہتے ہیں۔ اب الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) سے اتحاد بہت مشکل ہو گیا ہے کیوں کہ یہ میثاقِ جمہوریت والی مسلم لیگ (ن) نہیں ہے۔

سندھ میں انتخابی مہم کے دوران وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات کے بعد کی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اس وجہ سے اتحاد میں نہیں جا سکتی کیوں کہ یہ میثاقِ جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو والی مسلم لیگ (ن) نہیں ہے بلکہ اسلامی جمہوری اتحاد اور امیر المومنین بننے کے خواب دیکھنے والی مسلم لیگ (ن) ہے۔

اپریل 2022 میں تحریکِ انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اتحادی حکومت کی دو بڑی جماعتیں تھیں جو کہ اب انتخابی ماحول میں ایک دوسرے کو ہدفِ تنقید بنائے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف اگر وزیرِ اعظم بنتے ہیں تو دیکھنا ہوگا کہ کس سوچ کو لے کر چلتے ہیں کیوں کہ جس طرح آج کل ان کی جماعت نفرت و تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔ اس سے ملک و قوم کا نقصان ہوگا۔ فائدہ کسی کا نہیں ہو گا۔

وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی 70 فی صد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ آزمائیں۔ لہذا اب موقع آ گیا ہے کہ اس ملک کی دیکھ بھال ایک نئی نسل کو منتقل کی جائے تاکہ موجودہ ملکی مشکلات کا بہتر انداز سے مقابلہ کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے

14:33 5.2.2024

تحریکِ انصاف کا بنوں میں پاور شو

پاکستان تحریکِ انصاف بنوں میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

14:28 5.2.2024

کراچی: بلاول کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی

کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔

بلاول ہاؤس سے شروع ہونے والی ریلی شیریں جناح کالونی، کیماڑی، لی مارکیٹ اور پاک کالونی سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر اختتام پذیر ہو گی۔

پیپلز پارٹی کی ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہیں اور خصوصی ٹرک پر سوار بلاول بھٹو زرداری جگہ جگہ رک کر خطاب کر رہے ہیں۔

14:08 5.2.2024

مری میں مسلم لیگ (ن) نے پنڈال سجا لیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مری میں انتخابی میدان سجا لیا ہے جہاں پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اب سے کچھ دیر بعد جلسے سے خطاب کریں گے۔ مری میں ان کا بارہ سال بعد کسی جلسے سے خطاب ہو گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG