غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج میں پارٹی پوزیشن؛ مسلم لیگ نون 4، پیپلز پارٹی 2 اور آزاد امیدوار 3 نشستیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد پارٹیوں کی پوزیشن یہ ہے۔
مسلم لیگ نون نے اب تک 4 نشستیں جیت لی ہیں، پیپلز پارٹی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور اب تک 3 نشستیں آزاد امیدواروں کے حصے میں آئی ہیں۔
غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق شہباز شریف ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی پر کامیاب ہوگئے ہیں اور مریم نواز نے بھی پنجاب اسمبلی کی ایک نشست جیت لی ہے۔
پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری متعدد حلقوں میں اپنے حریف آزاد امیدواروں آگے ہیں ۔جب کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف دو حلقوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں اور دونوں جگہ وہ اپنے حریف امیدواروں سے پیچھے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان میں انتخابات کے روز تشدد اور موبائل کمیونیکیشن سروسز کی معطلی پر تشویش کا اظہار
خبررساں ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے، "جیسا کہ پاکستان انتخابات کے نتائج کا انتظار کر رہا ہے، سیکرٹری جنرل تمام سیاسی رہنماؤں اور معاشرے کے طبقات کو پرسکون ماحول برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ تشدد کے استعمال اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرنے کی ترغیب دیتے ہیں جس سے تناؤ میں اضافہ ہو"۔
ترجمان نے مزید کہا، "تمام امیدواروں اور حامیوں کے لیے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ پاکستانی عوام کے مفاد میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مکمل احترام کیا جائے اور کوئی بھی تنازع پیدا ہو تو اسے قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کریں۔"
شہازشریف نے قومی اور صوبائی دونوں نشستیں جیت لیں
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شہبازشریف نےقومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی سیٹوں پر الیکشن جیت لیا ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے حلقہ این اے 123 میں 63953 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ آزاد امیدوار افضال عظیم 48486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ 156 میں شہباز شریف نے38642 جب کہ آزاد امیدوار یوسف علی نے 23847 ووٹ لیے۔
پنجاب اسمبلی کے پہلے نتیجے کا اعلان، مریم نواز جیت گئیں
پنجاب اسمبلی کا پہلا نتیجہ سامنے آ گیا ہے۔ صوبائی حلقہ پی پی 159 سے مسلم لیگ نون کی امیدوار مریم نواز شریف 23598 ووٹ لے کر جیت گئیں۔
ان کے مدمقابل آزاد امیدوار جنہیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے، 21491 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 کا نتیجہ بھی سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار ابرار احمد 78542ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو گئے جب کہ آزاد امیدوار راجہ بشارت 67101 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔