ملک بھر میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال مستحکم رہی: نگراں وزیر داخلہ
نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں امن و امان کی صورتِ حال اطمینان بخش رہی۔
پولنگ ختم ہونے کے بعد ایک بیان میں نگراں وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ "میں اپنی سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس اہلکاروں کی غیر متزلزل لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتا ہوں۔"
نگراں وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی کی گئی تھی جو ہر شہری کے پرامن ماحول میں اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
انٹر نیٹ کی بندش سے نتائج مرتب کرنے پر کوئی اثر نہیں ہوگا: چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ وہ انتخابات کے انتظامات سے مطمئن ہیں۔
ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کرانے کے تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے پورا کیا۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ الیکشن مواد کی ترسیل کسی پریشانی یا غلطی کے بغیر ہوئی۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ میڈیا میں زیادہ تر انٹرنیٹ کی بندش پر سوال اٹھائے گئے۔ لیکن الیکشن کمیشن کے کام کا انحصار انٹر نیٹ پر نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹر نیٹ کی بندش سے الیکشن نتائج مرتب کرنے یا کنڈکٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں ایک درجن سے زائد کریکر حملے، دو اہلکار زخمی
پاکستان کے ساحلی شہری گوادر میں الیکشن کے روز کریکر دھماکوں میں دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ایس ایس پی گوادر کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز سے 100 میٹر دور کریکر دھماکے ہوئے ہیں تاہم ان دھماکوں میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گوادر کے نواحی علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر کے گاڑی کے قریب بھی ایک دھماکہ جس کے نتیجے میں دو کانسٹیبل معمولی زخمی ہوگئے۔