رسائی کے لنکس

پنجاب میں وزارتِ اعلٰی کے لیے میاں اسلم اقبال پی ٹی آئی کے اُمیدوار

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میاں اسلم اقبال پنجاب میں وزارتِ اعلٰی کے اُمیدوار ہوں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ہفتے کو پرامن احتجاج کرے گی۔

14:49 15.2.2024

انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علی امین گنڈا پور کے خلاف کشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف وکیل راجا ذوالقرنین کی جانب سے 2021 کے الیکشن کے دوران درخواست دائر کی گئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں علی امین کو 28 فروری کو الیکشن کمیشن کشمیر کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

14:44 15.2.2024

امریکہ پاکستان کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائے، عمران خان کا مطالبہ

پاکستان تحریکِ اںصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے وہ پاکستان کے انتخابات پر نظر رکھے اور آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر آواز اٹھائے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے امریکہ کے حوالے سے خاص پیغام دیا ہے۔

ان کےبقول، "عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی، بدانتظامی اور پی ٹی آئی کو مختلف حربوں سے الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے مذمت اور اس کے خلاف آواز اٹھانا امریکہ کا فرض بنتا ہے جو اس نے ادا نہیں کیا۔ "

بیرسٹر سیف کے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے ہمیشہ آمروں اور کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دیا ہے۔ اس لیے امریکہ کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے ماضی کے کردار کو شفاف اور قابلِ اعتبار بنانے کے لیے پاکستان کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں پر نظر رکھے اور جو بھی لوگ اس میں ملوث ہیں انہیں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سدباب کرنے کے لیے کہے۔

14:11 15.2.2024

پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب کو بطور امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی سے متعلق آگاہ کیا۔

اسد قیصر نے بتایا کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کا ٹاسک انہیں دیا گیا ہے اور حکومت سازی کے لیے وہ ان تمام جماعتوں سے رابطے کریں گے جو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریکِ انصاف اسمبلی میں بیٹھے گی اور قانونی جنگ بھی لڑے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ عوام نے جسے ووٹ دیا اس کا حق حکمرانی کا ہے۔

13:07 15.2.2024

جماعتِ اسلامی کا آٹھ فروری کے انتخابات پر وائٹ پیپر لانے کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جماعتِ اسلامی نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر وائٹ پیپر لانے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے تمام پہلوؤں کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔

جماعتِ اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے لاہور میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابی نتیجے کے فارم 45 کے تمام نتائج فارم 47 میں تبدیل کر دیے گئے ہیں اور جماعتِ اسلامی نے تمام تفصیلات اکٹھی کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حلقوں کو ٹارگٹ کر کے جیتی ہوئی نشستیں چھینی گئیں اور امیدواروں کی کامیابی کے اعلانات کے بعد نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابی نتائج تبدیل کیے جانے کے خلاف جماعتِ اسلامی عدالت سے رجوع کرے گی۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انتخابات میں ان کی جماعت کو توقعات کے مطابق نتائج نہیں ملے اور وہ اسے تسلیم بھی کرتے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG