رسائی کے لنکس

بھارت میں ڈرائیور کے بغیرمال گاڑی کا 70 کلومیٹر سفر


جموں سے ڈرائیور کے بغیر مال گاڑی 70 کلومیٹر تک چلتی رہی۔ 26 فروری 2024
جموں سے ڈرائیور کے بغیر مال گاڑی 70 کلومیٹر تک چلتی رہی۔ 26 فروری 2024
  • مال گاڑی عملے کی تبدیلی کے لیے جموں اسٹیشن پر کھڑی تھی۔
  • عملہ اترنے کے بعد ڈھلوان کے باعث گاڑی چلنا شروع ہو گئی
  • جب اسے روکا گیا تو اس کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی

بھارتی ریلوے نے پیر کے روز بتایا کہ 50 ڈبوں پر مشتمل ایک مال گاڑی ڈرائیور کے بغیر 70 کلومیٹر تک چلتی رہی، جسے پٹڑی پر رکاوٹیں رکھ کر روکنا پڑا۔

ریلوے نے بتایا ہے کہ بجری لے جانے والی ٹرین کو پیش آنے والے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مال گاڑی کو روکنے کے لیے پٹڑی پر لکڑی کے بلاکس رکھے گئے تھے۔

یہ واقعہ بھارتی کنڑول کے کشمیر میں اس وقت پیش آیا جب عملے کی تبدیلی کے لیے مال گاڑی جموں کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ہوئی تھی۔

ناردرن ریلوے کے ترجمان دیپک کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور حکام نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ٹرین کو جب روکا گیا تو اس وقت وہ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگ رہی تھی۔

بے قابو ٹرین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مال گاڑی جموں کے ریلوے اسٹیشن پر عملے کی تبدیلی کے لیے رکنے کے بعد ڈرائیور اور اس کا اسسٹنٹ انجن سے اتر گئے۔ لیکن متبادل عملے کے انجن میں سوار ہونے سے پہلے ہی ڈھلوان کی وجہ سے گاڑی نے چلنا شروع کر دیا اور اس کی رفتار بڑھنے لگی۔ گاڑی رخ پنجاب کی طرف تھا۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کسی ممکنہ حادثے سے بچانے کے لیے راستے میں پڑنے والے تمام ریلوے کراسنگ بند کر دیے گئے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ریلوے کے اس نیٹ ورک کے لیے لمحہ فکر ہے جس کے ذریعے روانہ لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں۔

بھارت نے حالیہ برسوں میں اپنے ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر ڈھالنے کے لیے کثیر سرمایہ کاری کی ہے جس کے تحت کئی ریلوے اسٹیشنوں کو ماڈرن بنایا گیا ہے اور سگنل کے نظام کو الیکٹرانک سسٹم میں بدل دیا گیا ہے۔

(یہ رپورٹ اے ایف پی کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG