رسائی کے لنکس

زیادہ فالوورز رکھنے والے بعض ایکس صارفین کے مفت میں 'بلیو ٹک' بحال


  • ایکس کے زیادہ فالوورز والے بعض اکاؤنٹس کے بلیو ٹکس مفت میں بحال ہو گئے ہیں۔
  • کمپنی کے بیان کے مطابق مفت سبسکرپشن اس لیے دی ہے کیوں کہ وہ اکاؤنٹس 'معروف صارفین' کے ہیں۔
  • ایکس کے موجودہ مالک ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں کمپنی خریدنے کے بعد بلیو ٹک صرف پیڈ سبسکرائبرز کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے بعض اکاؤنٹس کے مفت میں بلیو ٹک بحال ہو گئے ہیں جس نے صارفین کو حیرانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

کمپنی نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مفت سبسکرپشن ایکس کے 'انفلوئنشل' صارفین کو دی گئی ہے۔

ایکس کے مطابق ان تمام اکاؤنٹس کو کومپلیمینٹری یعنی مفت سبسکرپشن ختم کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

ایکس کے موجودہ مالک ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے سے قبل اس کا نام ٹوئٹر تھا۔

ٹوئٹر پر معروف صارفین، صحافی اور اداروں کے اکاؤنٹس کی ویری فکیشن یا تصدیق کے لیے 'بلیو ٹک' استعمال کیا جاتا تھا۔ لیکن مسک نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت ٹوئٹر خرید کر اس میں کئی بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا۔

مسک کی نظر میں 'بلیو ٹک' کے تحت اکاؤنٹس ویری فائی کرنے کا سسٹم غیر منصفانہ تھا جس کے بعد انہوں نے 'بلیو ٹک' صرف پیڈ سبسکرائبرز کو دینے کا اعلان کیا۔

اس اعلان کے بعد بے شمار اکاؤنٹس بلیو ٹک سے محروم ہو گئے تھے اور مسک کے اس اقدام پر انہیں خاصی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ بلکہ کئی معروف شخصیات نے ایکس استعمال کرنا ہی چھوڑ دیا تھا۔

اب بدھ کو بعض صارفین نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹس کے 'بلیو ٹک' بحال ہو گئے ہیں۔

ایلون مسک نے حال ہی میں یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ڈھائی ہزار سبسکرائبرز رکھنے والے پیڈ اکاؤنٹس کو مفت میں پریمیئم فیچرز مل سکیں گے جب کہ 5000 سبسکرائبرز رکھنے والے پیڈ اکاؤنٹس کو پریمیئم پلس فیچرز مفت میں ملیں گے۔

پریمیئم اور پریمیئم پلس فیچرز میں کم اشتہارات اور اے آئی چیٹ بوٹ 'گروک' تک رسائی سمیت دیگر سہولتیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر خریدا ہے اس کے بعد سے پلیٹ فارم کے اشتہارات کا کاروبار بے حد متاثر ہوا ہے۔

کئی فرم کے اعداد و شمار کے مطابق مسک کے کمپنی خریدنے کے بعد سے پلیٹ فارم نے کئی صارفین کو کھو دیا ہے۔ البتہ کمپنی ان اعداد و شمار سے اتفاق نہیں کرتی بلکہ ایکس کا مؤقف ہے کہ پلیٹ فارم کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG