لاکھوں امریکی پیر کو مکمل سورج گرہن کے منظر کو دیکھنے کے لیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق امریکی ریاستوں مین اور ورمونٹ سمیت کینیڈا میں پیر کو مکمل سورج گرہن دیکھنے کے امکانات سب سے زیادہ ہیں جب کہ ریاست ٹیکساس میں کئی مقامات پر بادل چھائے رہیں گے۔
واشنگٹن ڈی سی میں دوپہر 2 بجکر 4 منٹ پر چاند کا سایہ سورج کے کنارے پر چھا جائے گا جب کہ 3 بجکر 20 منٹ پر سورج کا 87 فی صد حصہ چاند کے پیچھے ہوگا۔ ڈی سی میٹرو علاقے میں سورج گرہن سہ پہر 4:33 سے ٹھیک پہلے ختم ہو جائے گا۔
لیکن جو لوگ ابر آلود آسمان تلے سورج گرہن کے مناظر نہیں دیکھ سکیں گے ان کے لیے آن لائن اسے دیکھنے کے کئی مواقع دستیاب ہوں گے۔
امریکی خلائی ادارے کا ناسا چینل دوپہر ایک بجے سے دوربین کے ذریعے سورج کے نظارے دکھانا شروع کرے گا۔ عجائب گھر ایکسپلوریٹوریم سمیت کئی سائنسی ادارے بھی سورج گرہن کے مناظر لائیو دکھائیں گے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے بھی سورج گرہن کو میکسیکو سے لے کر شمالی امریکہ کے پورے راستے سے دکھانے کے انتظامات کیے ہیں۔
پیر کا سورج گرہن پورے امریکہ میں ایک ساحل سے دوسرے تک 2017 کے مکمل سورج گرہن کے مقابلے میں تقریباً دوگنا طویل رہے گا۔
اے پی کے مطابق چاند سورج کو چار منٹ 28 سیکنڈ تک ڈھانپے گا یعنی سورج گرہن کا دورانیہ تقریباً ساڑھے چار منٹ تک ہو گا۔
ماضی میں دنیا کے دور دراز کونوں میں نظر آنے والا گرہن کا منظر اس بار ڈیلاس، انڈیانا پولس اور کلیولینڈ جیسے بڑے امریکی شہروں کے اوپر ہوگا۔
ایک اندازے کے مطابق چار کروڑ چالیس لاکھ لوگ مکمل چاند گرہن کے راستے میں رہتے ہیں. اس کے علاوہ مزید بیس کروڑ لوگ جزوی گرہن کو دیکھ سکیں گے۔ یوں اس بار سب سے زیادہ لوگ اس آسمانی ایونٹ کو دیکھ سکیں گے۔
ماہرین نے لوگوں کو سورج گرہن کو محفوظ طریقے سے مخصوص چشمے پہن کر دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
مکمل سورج گرہن کیا ہے؟
چاند دوپہر کے وقت زمین اور سورج کے درمیان بالکل ایک لائن میں آجائے گا۔ اس طرح چاند سورج کی روشنی کو مکمل طور پر ختم کر دے گا۔ پیر کا مکمل گرہن معمول سے زیادہ دیر تک جاری رہے گا کیوں کہ چاند زمین سے صرف 223,000 میل (360,000 کلومیٹر) دور ہوگا جو سال کے قریب ترین مقامات میں سے ایک ہے۔
چاند زمین سے جتنا قریب ہوتا ہے زمین پر بسنے والے لوگوں کی نظر میں یہ آسمان میں اتنا ہی بڑا ہوتا ہے۔ نتیجتاً سورج کی تاریکی انتی ہی زیادہ طویل اور شدید ہو گی۔
اگلا سورج گرہن کب ہوگا؟
پیر کے بعد اگلا مکمل سورج گرہن 2026 تک نہیں لگے گا۔ لیکن یہ گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین کے اوپر ہو گا۔
اس کے بعد سال 2027 میں اسپین اور شمالی افریقہ میں سورج گرہن ہوگا اور یہ مجموعی طور پر ناقابلِ یقین حد تک ایک گھنٹے سے زیادہ طویل ہو گا۔
شمالی امریکیوں کو ایک اور مکمل سورج گرہن کے لیے 2033 تک انتظار کرنا پڑے گا جوکہ صرف ریاست الاسکا تک ہی محدود رہے گا۔
سال 2044 میں مغربی کینیڈا اور امریکی ریاستوں مونٹانا اور نارتھ ڈکوٹا میں سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔ ایک سال بعد 2045 میں امریکی ایک بار پھر پورے ملک میں ایک ساحل سے دوسرے ساحل تک مکمل سورج گرہن کے مناظر دیکھ سکیں گے۔
اس خبر میں شامل زیادہ تر معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔
فورم