رسائی کے لنکس

ہم آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، نئے برطانوی وزیرِ اعظم کے لیے عالمی رہنماؤں کا پیغام


APTOPIX Britain Election
APTOPIX Britain Election
  • دنیا بھر سے رہنماؤں کا برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم کا خیر مقدم
  • سر کئیر اسٹارمر عالمی برادری میں تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گے، عالمی رہنماؤں کی توقع
  • وہ ایک بہت اچھے، بہت کامیاب وزیر اعظم ہوں گے، جرمن چانسلر
  • یو کرین اور برطانیہ اچھے، برے تمام حالات میں قابلِ اعتماد اتحادی رہیں گے، صدر زیلنسکی
  • رشی سونک کی قیادت میں تعلقات کے فروغ پر عالمی رہنماؤں کا سونک کا شکریہ

برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی کی فتح اور کئیر اسٹارمر کے وزیرِ اعظم منتخب ہونے کے بعد دنیا بھر سے رہنماؤں نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم رشی سونک نے انتخابات میں شکست کا اعتراف کرتے ہوئے لیبر پارٹی کے رہنما کیئر اسٹارمر کو مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ انتخابات میں شکست کی ذمے داری قبول کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی برطانیہ میں قدامت پسند کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ طویل اقتدار ختم ہوگیا ہے۔

برازیل

برازیل کے صدر لوئیس اناچیو لولا ڈیسلوا نے ایکس پر اپنے پیغام میں لیبر پارٹی کے سر کئیر اسٹارمر کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ برطانیہ کا نیا وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر انہیں سلیوٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، " میری خواہش ہے کہ آپ کے اقتدار کی مدت عظیم ہو۔ ہمارے ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات، پائیدار ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے آپ برازیل پر انحصار کر سکتے ہیں۔"

جرمنی

جرمن چانسلر اولف شولز نے اپنے ایک بیان میں کہا، " میں برطانیہ میں اپنی ایک ہم خیال پارٹی کے لیڈر کی انتخابات مین فتح پر مسرت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں کیئر اسٹارمر کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، ہم اکثر ملے اور بات کرتے رہے ہیں۔ وہ ایک بہت اچھے، بہت کامیاب وزیر اعظم ہوں گے۔ میرا یہ بھی تاثر ہے کہ ہمیں یورپ اور برطانیہ اور جرمنی اور برطانیہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں زیادہ پریشانی نہیں ہوگی۔"

اٹلی

"اٹلی کے وزیرِ اعظم جیارجیا میلونی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا،" میری جانب سے کئیر اسٹارمر کو ان کے انتخاب پر مبارکباد۔ اٹلی اور برطانیہ کے درمیان تعلقات شاندار ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے عظیم ملکوں کے درمیان مضبوط اور پر اعتماد تعاون میں اضافہ جاری رکھیں گے۔ میں ان تمام برسوں میں مضبوط تعاون اور پر خلوص دوستی کے لیے اپنے دوست رشی سونک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔"

نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینزاسٹولٹن برگ نے کئیر اسٹارمر کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا،"میں اگلے ہفتے واشنگٹن میں نیٹو کے سربراہی اجلاس میں ان کے استقبال اور ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ میں نے کیئر سٹارمر سے یہاں نیٹو ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کر چکا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ وہ نیٹو ، بحر اوقیانوس کے اتحاد، کے پرزور حامی ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی پرعزم ہیں کہ برطانیہ نیٹو کا ایک مضبوط اور انتہائی پرعزم نیٹو اتحادی رہے۔"

بھارت

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کئیر اسٹارمر کو دلی مبارکباد دی اور ان کی شاندار فتح پر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا، "میں تمام شعبوں میں جامع اسٹریٹیجک شراکت داری اور باہمی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بھارت اور برطانیہ کے مثبت اور تعمیری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا منتظر ہوں۔"

انہوں نے اپنے پیغام میں رشی سونک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا،" برطانیہ کے لیے آپ کی شاندار قیادت اور اپنے دورِ اقتدار میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات میں گہرائی پیدا کرنے میں آپ کے فعال تعاون کا بہت شکریہ۔"

برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم کئر اسٹارمر اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ، 10 داؤننگ استریٹ میں۔ جولائی 5, 2024,
برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم کئر اسٹارمر اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ، 10 داؤننگ استریٹ میں۔ جولائی 5, 2024,

آئرلینڈ

آئر لینڈ کے وزیرِ اعظم نے ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا،" ایک آئرش اور ایک برطانوی وزیرِ اعظم کے درمیان تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اب ایک بڑے امتحان کا وقت ہے۔ آج کی صبح میں ڈبلن سے لندن کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں بہت سے امور پر، اپنے امن کے عمل اور مستقبل کے ہمارے امکانات پر کئیر اسٹارمر کے عزم اور توانائی کی برابری کی کوشش کروں گا۔"

یوکرین

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بھی ایکس پر کئیر اسٹارمر کو مبارباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ یو کرین اور برطانیہ اچھے، برے تمام حالات میں قابلِ اعتماد اتحادی رہیں گے اور زندگی، آزادی اور اصولوں پر قائم عالمی نظام کے لیے اپنی مشترکہ اقدار کے دفاع اور فروغ کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

زیلنسکی نے ایکس پر اپنے پیغام میں رشی سونک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا،" میں ان کی قیادت میں برطانوی حکومت کی کبھی تبدیل نہ ہونے والی حمایت پر رشی سونک کا شکر گزار ہوں۔ چیلنجر ٹینک، اسٹارم شیڈو میزائل، ہمارے پائلٹوں کوایف 16 کی تربیت فراہم کرنا اور سیکیورٹی میں تعاون کا پہلا دوطرفہ معاہدہ وہ چند مشترکہ کامیابیاں ہیں جو یوکرین کبھی نہیں بھولے گا۔"

فرانس

فرانسیسی صدر ایمینوئیل کیراں نے بھی ایکس پر کئیر اسٹارمر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا، " مین ان سے پہلے بات چیت سے بہت خوش ہوں۔ ہم یورپ کے امن اور سلامتی، ماحولیات اور اے آئی میں اپنے دو طرفہ تعاون کے لیے شروع کیے گئے کام کو جاری رکھیں گے۔"

ناروے

ناروے کے وزیرِ اعظم جونس گار استورے نے خبر رساں ادارے این بی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا،" ووٹروں نے برطانیہ کی لیبر پارٹی کو ملک میں تبدیلی، لوگوں کی آمدنی مین اضافے اور ملکی اسکولوں اور نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کا تاریخی اختیار دیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ایک انتہائی اہم منصب پر اسٹارمر خوش قسمت رہیں اور بہترین کارکردگی دکھائیں۔"

یورپی یونین

یورپی یونین کی صدر ارسلا وانڈر لین نے کئیر اسٹارمر کی فتح پر انہیں ایکس پر اپنے پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، " میں ایک تعمیری شراکت داری کے ساتھ، یورپی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔"

برطانوی شاہ چارلس 111 نئے وزیرِ اعظم کئیر اسٹارمر سے گفتگو کرتے ہوئے۔ 5 جولائی 2024
برطانوی شاہ چارلس 111 نئے وزیرِ اعظم کئیر اسٹارمر سے گفتگو کرتے ہوئے۔ 5 جولائی 2024

آسٹریلیا

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں لیکن، میں سر کئیر اسٹارمر اور اینجلا رینر اور برٹش لیبر پارٹی میں موجود اور بہت سے لوگوں کے ساتھ، جن سے میں واقف ہوں، مل کر کام کرنے کے لیے منتظر ہوں۔ متعدد امور پر ان کا اور ہمارا موقف مشترک ہے۔"

کینیڈا

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ترودو نے ایکس پر برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم اسٹارمر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، " ابھی آگے بحرِ اوقیانوس کے دونوں جانب اپنے ملکوں کے عوام کے لیے زیادہ فراخ اور منصفانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے۔ میرے دوست، آئیے اس کا آغاز کریں۔"

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے بھی برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم سر کئر اسٹارمر کو ایکس پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا،" نیوزی لینڈ اور برطانیہ بہت اچھے دوست ہیں اور مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ میں وزیر اعظم کے طور پر ہر موقع پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ اپنی قوم کی خدمت اور نیوزی لینڈ سے دوستی کے لیے رشی سونک آپ کا شکریہ۔"

(اس مضمون کے لیے معلومات رائٹرز سی لی گئی ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG