|
ویب ڈیسک— معروف پاپ بینڈ 'ون ڈائریکشن' کے سابق رکن لیئم پین کی ہوٹل کی بالکونی سے گر کر پُراسرار موت واقع ہوئی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق 31 سالہ گلوکار بدھ کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہوٹل کی بالکونی سے گر کر ہلاک ہوئے ہیں۔
بیونس آئرس پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہے کہ لیئم پین 'کاسا سر ہوٹل' کی تیسری منزل سے گرے تھے جس کے سبب انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں۔
طبی حکام نے جائے وقوع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔
دوسری جانب بیونس آئرس کی وزارتِ سیکیورٹی کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر پیبلو پولیسیچیو نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ گلوکار نے اپنے کمرے کی بالکونی سے چھلانگ لگائی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے ایمرجینسی کال موصول ہوتے ہی پولیس ہوٹل پہنچی۔
ان کے بقول ہوسکتا ہے کہ گلوکار منشیات یا الکوحل کے زیرِ اثر ہو۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کو حاصل کردہ کال ریکارڈنگ کے مطابق "ہوٹل مینیجر 911 پر کال کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس آنے والا ایک ایک مہمان نشے میں دھت ہے اور وہ پورے کمرے میں توڑ پھوڑ کر رہا ہے، آپ کسی کو بھیجیں۔"
ارجنٹائن کے ایمرجینسی میڈیکل سسٹم کے سربراہ البرٹو کریسنسی نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ حکام گلوکار کی موت کے ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں اور ان کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لیئم پین شراب نوشی سے متعلق جدوجہد کرنے کے بارے میں بات چیت کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے 2023 میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنا علاج کرانے کے بعد چھ ماہ تک پُرسکون رہے تھے۔
اداکار کی موت کی خبر سامنے آتے ہی ہوٹل کے باہر 'ون ڈائریکشن' بینڈ کے مداحوں کا رش لگ گیا اور ان کی جانب سے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
'ون ڈائریکشن' بینڈ سن 2010 میں بنا تھا اور لیئم پین بینڈ کے پانچ اراکین میں سے ایک تھے۔ سن 2016 کے بعد سے بینڈ کے اراکین نے اپنے اپنے سولو کریئر کا آغاز کیا۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔