رسائی کے لنکس

بریگزٹ: برطانوی وزیرِ اعظم کے والد کا فرانسیسی شہریت لینے کا اعلان


برطانوی وزیرِ اعظم کے والد اسٹینلی جانسن (فائل فوٹو)
برطانوی وزیرِ اعظم کے والد اسٹینلی جانسن (فائل فوٹو)

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے والد اسٹینلی جانسن نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد فرانس کی شہریت لینے کا عندیہ دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بورس جانسن کے والد اسٹینلی جانسن نے جمعرات کو آر ٹی ایل ریڈیو کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ وہ 'بریگزٹ' کے بعد بھی یورپی یونین سے تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے وہ فرانسیسی پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دیں گے۔

اسٹینلی جانسن یورپی پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں۔ برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی سے متعلق 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم میں اسٹینلی جانسن نے بریگزٹ کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔

جمعرات کو 'آر ٹی ایل ریڈیو' سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹینلی جانسن نے کہا کہ وہ فرانس کے شہری بننا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کے فرانس سے بہت گہرے خاندانی تعلقات ہیں۔

ان کے بقول "اگر میں درست سمجھ رہا ہوں تو میں بھی فرانسیسی ہوں۔ میری والدہ فرانس میں پیدا ہوئی تھیں۔ میری والدہ کی والدہ پوری فرانسیسی تھیں۔ لہٰذا میرے لیے یہ ایسا ہے کہ جیسے میں اپنی ہی کوئی چیز دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور اس سے مجھے بہت خوشی ملے گی۔"

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن بریگزٹ کے حامی ہیں جب کہ ان کے والد مخالف ہیں۔ (فائل فوٹو)
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن بریگزٹ کے حامی ہیں جب کہ ان کے والد مخالف ہیں۔ (فائل فوٹو)

اسّی سالہ جانسن نے یہ گفتگو بھی فرانسیسی زبان میں کی۔ خیال رہے کہ اسٹینلی جانسن کی والدہ اور نانا دونوں فرانسیسی شہری تھے۔

انہوں نے مزید کہا "یہ بات تو یقینی ہے کہ میں ہمیشہ یورپی شہری رہوں گا۔ کوئی برطانوی شہریوں کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ یورپی نہیں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ کے لیے یورپی یونین سے تعلقات بہت ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ نئے سال کا آغاز ہوتے ہی برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو گیا ہے۔ برطانیہ نے 48 سال قبل یورپی یونین میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2016 میں ہونے والے ایک ریفرنڈم کے ذریعے یہ فیصلہ ہوا تھا کہ برطانیہ اپنی عوام کی خواہش کی بنا پر یونین سے علیحدگی اختیار کر لے گا۔

بورس جانسن نے 2016 کے ریفرنڈم کے دوران بریگزٹ کے حق میں بھرپور مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ ایک مکمل خود مختار ملک کے طور پر زیادہ تیزی سے ترقی کرے گا۔

XS
SM
MD
LG