رسائی کے لنکس

موصل کی بحالی پر پانچ سال اور اربوں ڈالر درکار ہیں


موصل کی ایک ویزان سٹرک پر پولیس کی گاڑی گشت کررہی ہے۔ 2 مئی 2017
موصل کی ایک ویزان سٹرک پر پولیس کی گاڑی گشت کررہی ہے۔ 2 مئی 2017

ابتدائی اندازوں کے مطابق پہلے مرحلے میں دو سال لگ سکتے ہیں ۔ عہدے داروں کا کہناتھا کہ ایک گھر کی مرمت پر کم ازکم پانچ ہزار ڈالر خرچ آئے گا۔

جنگ سے تباہ شدہ عراقی شہر موصل جانے والے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس کی تعمیر ومرمت پر عراقی حکومت کو اربوں ڈالر کا بندوبست کرنا پڑے گا۔

طویل جنگ میں عراق میں داعش کے اس اہم اور مضبوط ٹھکانے موصل کے ایئر پورٹ، ریلوے اسٹیشن اور یونیورسٹی سمیت زیادہ تر عمارتیں اور انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔

عراقی حکومت کی فورسز جنہیں امریکی قیادت کے اتحاد کی سرپرستی حاصل ہے، شہر کا نصف مشرقی حصے پر دوبارہ قابض ہو چکی ہیں۔ جس کے بعد علاقائی عہدے دار ڈھائی سالہ جنگ میں شہر کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔

صوبے نینوا کے علاقوں سے متعلق ایک کونسل کے ڈپٹی چیئر مین نورالدین اوبلان نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ موصل کی داعش سے مکمل آزادی کے بعد ہمیں اس شہر کی بحالی اور تعمیر و مرمت کے لیے ایک منصوبہ بنانا پڑے گا تاکہ اسے 2014 میں داعش کے قبضے سے پہلے کی شکل میں واپس لایا جا سکے۔

نورالدین صوبائی دارالحکومت موصل کے مرکز میں واقع دفتر کے گرد نئے پختہ مورچے تھے اور مسلح افراد اس کی حفاظت کررہے ہیں۔

دفتر کی میز پر ٹیلی فون اور کاغذوں کے قریب ایک بندوق رکھی ہوئی ہے۔

عمارت کے باہر دریائے دجلہ کے مشرقی کنارے پر واقع دکانوں میں زندگی لوٹ رہی ہے۔ جب کے دریا کے دوسرے کنارے پر بدستور داعش کے جنگجو قابض ہیں اور گنجان آباد قدیم شہر کی حفاظت نشانہ بازوں اور خودکش بمباروں کی مدد سے کر رہے ہیں۔

پرانے شہر کے مرکز میں مشہور میناروں کی عظیم النوری مسجد واقع ہے جس کے منبر پر داعش کے لیڈر ابوبکر البغدادی نے جولائی 2014 میں اپنی خلافت کا اعلان کیا تھا۔

ماہرین کو خدشہ ہے کہ کمزور اینٹوں کی اس عمارت کو جنگ میں تیزی آنے سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کونسلر نورالدین کا کہنا ہے نینوا کے 34 کونسلر ہیں اور وہ داعش کے قبضے کے دوران دوسرے شہروں میں اجلاس کرتے رہے ہیں۔ ہم نے موصل کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں کی تیاری کا کام شروع کر دیا ہے۔ لیکن ہمیں معلوم نہیں ہے کہ تعمیراتی کاموں کے لیے اتنے زیادہ فنڈز کہاں سے آئیں گے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق پہلے مرحلے میں دو سال لگ سکتے ہیں ۔ ان کا کہناتھا کہ ایک گھر کی مرمت پر کم ازکم پانچ ہزار ڈالر خرچ آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں ضروريات کے مطابق مدد نہیں مل رہی۔ ہمیں اس سال نینوا کے لیے 4 کروڑ 45 لاکھ امریکی ڈالر دیے گئے ہیں ، جو بہت کم ہے۔

XS
SM
MD
LG