رسائی کے لنکس

ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑ دیا


ٹیلر سوئفٹ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے۔
ٹیلر سوئفٹ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے۔

امریکہ کی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے سال کی بہترین گلوکارہ کا 'امریکن میوزک ایوارڈ' جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مائیکل جیکسن کا سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

امریکن میوزک ایوارڈ کا میلہ ہر سال سجتا ہے اور اس میں سال بھر کے دوران میوزک کے لیے نمایاں کام کرنے والے فنکاروں، سنگرز، پسندیدہ میوزک المبز، راک اور پاپ البمز اور بہترین گیتوں کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹ پریس' کے مطابق یہ ٹیلر سوئفٹ کو ملنے والا 25 واں اور حالیہ ہفتوں کے دوران ملنے والا تیسرا ایوارڈ ہے۔

مائیکل جیکسن کو 24 ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل تھا اور ان کا یہ ریکارڈ ٹیلر سوئفٹ نے 25 واں ایوارڈ حاصل کر کے توڑ دیا ہے۔

یہ ایوارڈ اُنہیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاس اینجلس کے مائیکرو سافٹ تھیٹر میں سجنے والی ایک رنگا رنگ تقریب کے دوران دیا گیا۔

ٹیلر سوئفٹ کے گانے لوگوں میں اس قدر مقبول ہیں کہ تقریب کے آغاز سے لے کر اختتام تک انہی کے لکھے اور گائے گئے گانے بجتے رہے۔

خاص طور سے ان کے حالیہ البم ’لور‘ کے گانے پسندیدہ ترین پاپ، راک البم میں شمار ہو رہا ہے۔

لاس اینجلس میں منعقدہ ایوارڈ کی تقریب کے دوران جب ایوارڈ کے لیے ان کا نام پکارا گیا تو حاضری کی طرف سے اُن کے اعزاز میں خوب تالیاں بجائی گئیں۔

وہ گلابی رنگ کے کپڑوں میں ملبوس تھیں جس پر سونے سے کڑھائی کی گئی تھی۔ ان کے خوبصورت لباس نے حاضرین کے دل جیت لیے۔

انہوں نے اسٹیج پر پہنچ کر ایوارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پُرانے گانوں پر بھی پرفارم کیا جس پر ان کے فینز جھوم اُٹھے۔

ٹیلر سوئٖفٹ کے علاوہ جن دیگر فنکاروں نے اس تقریب میں پرفارم کیا ان میں پوسٹ میلون اور آریانہ گراینڈے نمایاں رہیں جب کہ لیزو، شوان مینڈیس، سلیناگومز، کامیلا کابیلو، بیلی فلیش، گرین ڈے، اوزی اسبورن، ٹریوس اسکاٹ اور دیگر فنکاروں نے بھی اپنی پرفارمنس سے محفل کو چار چاند لگائے۔

XS
SM
MD
LG