ویب ڈیسک ۔سن 2024 کی اولمپکس گیمز کا میلہ ،پیرس میں پوری آب و تاب کے ساتھ سجنے کو تیار ہے ،جہاں ہزاروں شائقین ان خوشگوار لمحوں کے منتظر ہیں جب عالمی کھیلوں کی عظیم مشعل ایک بار پھر روشن ہو گی ، جس کی روشنی کرونا وائرس کی عالمیگر وبا کے پھیلاؤ کے دوران مہیب سایوں میں دھندلا گئی تھی ۔
فرانسیسی دارالحکومت کو یقین ہے کہ وہ ان کھیلوں کے انعقاد سے کاروباری دنیا کو متحرک کر سکتا ہے۔ لاکھوں مہمانوں کا استقبال کر سکتا ہے۔ ان کے آرام و آسائش اور قیام وطعام کا بندوبست کر سکتا ہے ،اور ایک بار پھر ان کھیلوں کے ذریعے ،کاروبار ،ثقافت ،فن ،امن اور محبتوں کو دنیا بھر میں پھیلا سکتاہے۔
2016 کے ریو ڈی جنیرو اولمپکس، افراتفری کا شکار رہے اور 2020 میں ٹوکیو اولمپکس، ملتوی ہونے کے خطرات سے دوچار رہے، اس لیے اب دنیا بھر کے لیے یہ راحت و اطمینان کا لمحہ ہو گا کہ وہ پرسکون انداز میں اپنے پسندیدہ کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
منتظمین، کھلاڑی اور پرستار، پیرس میں اور علاقائی فرانسیسی شہروں جیسے لِل اور مارسیل میں، مقابلوں کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ دور دراز علاقوں اس یقین کے ساتھ، جنوبی بحرالکاہل میں تاہیٹی کے مقام پر سرفنگ کر رہے ہیں کہ اولمپکس کا میلہ دھوم سے سجے گا۔
26 جولائی کو ہونے والی افتتاحی تقریب سے پہلے ایک سال کے اندر اندر70 لاکھ کے قریب ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔
فرانس کے دو بڑے سٹار کھلاڑیوں ساکر یا فٹ بال کے ہیرو کلیان ماپے اور ابھرتے ہوئے دراز قد باسکٹ بال کھلاڑی اور مستقبل کی امید وکٹر ویمبنیا ما کو دیکھنے کے منتظر پرستا ر، مہنگے ٹکٹ خرید رہے ہیں۔
منتظمین اس وعدے کے ساتھ تقریباً 80 لاکھ ٹکٹس براہ راست فروخت کر رہے ہیں کہ تمام کھیلوں کے لیے 24 یورو کی ٹکٹ 10 لاکھ افراد کے لیے دستیاب ہوں گی ، جب کہ زیادہ تر ٹکٹوں کی قیمتیں 50 یورو یا یا اس سے کم رکھی گئی ہیں۔
کیا سب کو قیام کی جگہ مل سکے گی
اولمپکس کھیلوں کے انعقاد کے لیے بولی دیتے وقت ،پیرس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس لاکھوں لوگوں کی رہائش کے وسیع تر انتظامات ہیں ،جن میں دریا سین کے کنارے کیمپوں سے لے کر ،بڑے بڑے مشہور پُر تعیش ہوٹل شامل ہیں۔
پیرس کے سیاحتی ادارے کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اس کے پاس اولمپکس کے لیے آنے والوں کی رہائش، کیمپ سائٹس اور دیگر آپشنز کے ساتھ 261800 کمرے موجود ہیں۔
پیرس ایک بار پھر سیاحتی مرکز بن گیا ہے
شہر کے سیاحتی دفتر نے پیش گوئی کی ہے کہ جولائی تا ستمبر 2024 کے دوران توقع ہے کہ ایک کروڑ 60 لاکھ افراد پیرس آئیں گے جن میں اولمپکس اور پیرا اولمپک گیمز دیکھنے کے لیے آنے والے شامل ہیں۔
اولمپک مہمان کیسے سفر کریں گے؟
اولمپکس اور پیرس کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک جس پر 2024 گیمز انحصار کر رہے ہیں ایک صدی پرانا ہے۔ شہر کی پہلی میٹرو سروس، لائن 1 مغرب میں پورٹ میلوٹ سے مشرق میں پورٹ ڈی ونسنس تک، 1900 کے پیرس اولمپکس کے دوران کھولی گئی تھی جس کی میزبانی اُس سال فرانسیسی دارالحکومت نے کی تھی۔
اور اب اگلے برس ، پبلک ٹرانسپورٹ ایک بار پھر اہم کردار ادا کرنے جا رہی ہے۔ منتظمین پیرس کی میٹرو لائنوں، مضافاتی ٹرینوں، بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے وسیع نیٹ ورک پر بھروسہ کر رہے ہیں۔
ایک نئی توسیع شدہ میٹرو سروس، لائن 14، اولمپکس سے ایک ماہ قبل کھلنے کی امید ہے جو پیرس کے دوسرے بڑے ہوائی اڈے، اورلی سے، شمالی مضافات میں ایک اولمپک مرکز تک کوملائے گی جس میں ایتھلیٹس گاؤں، مرکزی اسٹیڈیم اور ایک ایکواٹکس سنٹر شامل ہیں ۔
ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنے والوں کو توقع ہے کہ وہ روزانہ 6 سے 8 لاکھ تک افراد کو سفر کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔اس موقع پر معذور افراد کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
موسم کیسا رہے گا
اس سال جولائی میں اتنی گرمی پڑی ہے کہ ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔موسمیات کے ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اگلے سال اولمپکس کے موقع پر بھی گرمی کم ہونے کا امکان نہیں ہے۔
سن 2017 میں جب پیرس نے اولمپکس کی میزبانی کے لیے خود کو پیش کیا تھا کہ تو ان کے ذہن میں شاید یہ نہیں ہو گا کہ آنے والے برسوں میں موسم گتنا گرم ہو جائے گا۔ لیکن اب وہ تبدیل ہوتے ہوئے موسم کی مطابقت سے انتظامات کر رہے ہیں اور اب کھلاڑیوں کے گاؤں میں ایئر کنڈیشننگ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
تاریخی مقامات
پیرس اور فرانس کے تاریخی مقامات بھی اولمپکس کے دنوں میں فرانس آنے والوں کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ لیکن 26 جولائی کو ایفل ٹاور پر ہونے والی افتتاحی تقریب دیگر تمام سرگرمیوں اور رنگارنگی پر سبقت لے جائے گی۔ اس موقع پر ہزاروں ایتھلیٹس کو دریائے سین کے راستے بحری بیڑوں کے ذریعے اس مقام پر لایا جائے گا۔ منتظمین کو توقع ہے کہ وہ یادگار لمحات ہوں گے جو اولمپکس کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہو جائیں گے۔
(خبر کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے)
فورم