رسائی کے لنکس

عامر لیاقت اس سال پی ٹی وی سے رمضان نشریات پیش کریں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عامر لیاقت حالیہ ہفتوں کے دوران پی ٹی وی سے مختلف مذہبی تہواروں پر دو طویل دورانیے کی نشریات بھی پیش کرچکے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت اس سال پی ٹی وی سے بطور میزبان رمضان نشریات پیش کریں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق رمضان نشریات پاکستان ٹیلی ویژن کے چار چینلز پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی ورلڈ، پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ہوم سے بھی دکھائی جائیں گی۔

پی ٹی وی حکام کا کہنا ہے کہ رمضان کی خصوصی نشریات کا عنوان 'رمضان ہمارا' ہے۔

عامر لیاقت حالیہ ہفتوں کے دوران پی ٹی وی سے مختلف مذہبی تہواروں پر دو طویل دورانیے کی نشریات بھی پیش کرچکے ہیں۔

عامر لیاقت ماضی میں کئی بڑے نجی ٹی وی چینلز سے بھی رمضان نشریات پیش کرتے رہے ہیں اور ان کے طرزِ میزبانی پر خاصی تنقید ہوتی آئی ہے۔

عامر لیاقت پی ٹی وی کے ایک پروگرام کی میزبانی کرتے ہوئے۔
عامر لیاقت پی ٹی وی کے ایک پروگرام کی میزبانی کرتے ہوئے۔

ماضی میں ان پر نفرت انگیز تقاریر کرنے اور توہینِ عدالت کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں جس کے سبب سپریم کورٹ میں ان کے خلاف مقدمات بھی زیرِ سماعت رہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں عدالتِ عظمیٰ کے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عامر لیاقت کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے پر ان کے خلاف توہینِ عدالت کا مقدمہ خارج کردیا تھا۔

ساتھ ہی عدالت نے انہیں کسی بھی ادارے، فرد یا شخصیات کے خلاف نفرت انگیز تقریر اور نامناسب زبان استعمال نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی تھی اور مستقبل میں ایسا نہ کرنے کا پابند کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG