رسائی کے لنکس

جنسی حملے کا الزام، اداکار کیون اسپیسی عدالت طلب


اداکار کیون اسپیسی اپنے مداحوں کو آٹو گراف دیتے ہوئے (فائل)
اداکار کیون اسپیسی اپنے مداحوں کو آٹو گراف دیتے ہوئے (فائل)

کیون اسپیسی پر الزام ہے کہ انہوں نے آج سے دو سال قبل ایک نوجوان کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

امریکی اداکار اور آسکر ایوارڈ یافتہ کیون اسپیسی کو ریاست میسا چوسٹس کی ایک عدالت نے مبینہ طور پر 18 سالہ ایک لڑکے پر جنسی حملہ کرنے کے الزام میں اپنی صفائی پیش کرنے کی غرض سے طلب کرلیا ہے۔

کیون اسپیسی پر الزام ہے کہ انہوں نے آج سے دو سال قبل ایک نوجوان کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

اس الزام کی صفائی پیش کرنے کے لیے انہیں 7 جنوری کو میساچوسٹس کے علاقے نَین ٹوکیٹ کی ضلعی عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

اگرچہ استغاثہ نے ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والے لڑکے کا نام ظاہر نہیں کیا لیکن فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق لڑکا بوسٹن ٹیلی وژن کی ایک اینکر ہیتھر انروہ کا بیٹا ہے۔

ہیتھر انروہ نے گزشتہ سال خود ایک پریس کانفرنس میں اس معاملے سے پردہ اٹھایا تھا۔

ہیتھر نے الزام لگایا تھا کہ اسپیسی نے ان کے بیٹے کو 2016ء میں ایک ریسٹورنٹ میں لے جاکر خوب شراب پلائی اور خود بھی پی جس کے بعد انہوں نے نشے میں دھت ہوکر ان کے بیٹے پر جنسی حملہ کیا۔

کیون اسپیسی نے اس کیس سے متعلق یو ٹیوب پر پیر کو تین منٹ کا ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نےاپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی تردید کی تھی۔

تاہم اس کے باوجود انہیں 7 جنوری کو وضاحت کی غرض سے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

ڈرامے 'ہاؤس آف کارڈز' اور فلم 'امریکن بیوٹی' میں شاندار کردار نبھانے والے کیون اسپیسی کا شمار اپنے عہد کے بہترین اور منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا ہے۔

لیکن گزشتہ سال کیون اسپیسی پر امریکہ اور برطانیہ میں کئی خواتین اور مردوں نے ماضی میں انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے اور نامناسب سلوک کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد سے اسپیسی کا کیریئر روبہ زوال ہے۔

ان الزامات کے بعد آن لائن انٹرٹینمنٹ کمپنی 'نیٹ فلکس' نے اپنے مشہور سیاسی ڈرامے 'ہاؤس آف کارڈز' کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں اسپیسی مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG