رسائی کے لنکس

فلم اداکارہ ریکھا کو پدم شری اعزاز


بالی ووڈ کی اداکارہ ریکھا
بالی ووڈ کی اداکارہ ریکھا

بالی ووڈ کی قد آور ہیروئن ریکھا جنہیں صدر جمہوریہ ہند پرتھبا دیوی سنگھ پاٹل نے 7 اپریل کو راشٹر پتی بھون میں اعلیٰ شہری اعزاز پدم شری سے نوازا ، وہ اداکارہ سے زیادہ اپنے آپ میں ایک ادارہ ہیں۔

انہوں نے اب تک 4 دہائیوں کی فلمی زندگی میں 180 سے زائد فلموں میں ادا کاری کے جوہر دکھائے ہیں وہ بھی کسی ایک زبان کی فلم میں نہیں بلکہ مختلف زبانوں کی فلموں میں جن میں تامل، تیلگو ، کنڑا ، ہندی اور اردو شامل ہیں ۔
ریکھاجن کا پیدائشی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے،10اکتوبر 1954کو تاملناڈو کے مدراس میں پیدا ہوئی تھی ۔ ان کے والد جیمنی گنیشن تامل فلموں کی دیو قامت شخصیت تھے ۔ اس لئے اگر وہ چاہتی تو بہت آسانی سے تامل فلموں میں اپنا مقام بنا سکتی تھیں ۔ لیکن اس کے بجائے انہوں نے 15سال کی عمر میں تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کیا ۔ حالانکہ انہیں اپنی فلمی زندگی میں بے حد جدوجہد کرنی پڑی ۔ یہاں تک کہ ان کو اپنے والد کا نام بھی حاصل کرنے کے لئے جدو جہد کرنی پڑی ۔

کیونکہ ان کے والد جیمنی گنیشن اور ان کی ماں تیلگو ایکٹریس پشپ دیوی نے باقاعدہ شادی نہیں کی تھی ۔ شاید یہی بات تا زندگی ان کے کرب کا باعث رہی اور انہوں نے فلموں اور سماج میں ایک مقام حاصل کرنے کے لئے زبردست جدو جہد کی اور آج وہ ایک نمایاں مقام پر کھڑی ہوئی ہیں ۔ جہاں انہیں متعدد فلمی انعامات و اعزازت ملے ہیں ۔ وہیں ان کو پدم شری جیسے اعلیٰ شہری اعزاز سے بھی نوازا گیاہے ۔
یوں تو ریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا ۔ لیکن انکی فلمی زندگی میں سنہ 1981 میں بڑا موڑ آیا ۔ جب انہوں نے فلم ‘ امراﺅ جان ’ میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا ۔ ریکھا نے اس فلم میں ادا کاری کے لئے باقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی ۔ اسی لئے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے ۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد ان کی کامیابی کو پر لگ گئے ۔

امراﺅ جان فلم ہندوستان میں تین بار بن چکی ہے جبکہ پاکستان میں بھی مرزا رسوا کے اس ناول پر فلم اور سیریل بنائے گئے ہیں ۔ لیکن فلمی ناقدین کی حتمی رائے ہے کہ اداکاری کے جو جوہر ریکھا نے دکھائے ہیں وہ کسی دوسری اداکارہ کے یہاں نظر نہیں آتے انہوں نے امیرن کے کردار میں جان ڈال دی ہے ۔ شاید اس کی وجہ مظفر علی کی کامیاب ہدایت کاری اور شہریار کے لکھے ہوئے مجرے بھی ہیں اور ان سب نے ریکھا کی اداکاری کو سہ آتشہ بنا دیا ہے ۔
ریکھا کی کامیاب فلموں میں ساون بھادو ، رام پور کا لکشمن ، گورا کالا ، کہانی قسمت کی ، نمک حرام ، دھرم کرم ، دھرماتما ، اتسو ، مقدر کا سکندر ، سلسلہ ، پیار کی جیت ، پھول بنے انگارے ‘ زبیدہ ، کوئی مل گیا اور اوم شانتی اوم کے بھی نام لئے جاتے ہیں ۔ لیکن ریکھا خود بھی مانتی ہے کہ ‘امراﺅ جان ’کامیابی کا مرقع ہے جسے وہ خود بھی فراموش نہیں کر سکتیں ۔

ان کا فلمی سفر 55سال کی عمر میں اب بھی جاری ہے ۔ لیکن ان کی خانگی زندگی بہت ناکام رہی ہے ۔ کبھی ان کا معاشقہ فلم اداکار ونود مہرا کے ساتھ تھا اور کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ ان کا نام لیا جاتا تھا لیکن شادی انہوں نے دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے سنہ 1990 میں کی تھی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نے خودکشی کر لی ۔
ریکھا یوں تو اپنی ذات میں تنہا ہیں مگر وہ اپنے آپ میں ایک انجمن بھی ہیں اس کے ساتھ ساتھ اداکاری کا ادارہ بھی ۔

XS
SM
MD
LG