رسائی کے لنکس

ننھے مداح کی بالآخر میسی سے ملاقات ہوگئی


منتظمین نے مرتضیٰ کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنے ہیرو سے ملاقات پر بہت خوش ہے اور یہ اس کے لیے ایک خواب سچ ہونے کے مترادف ہے۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے والے فٹبال کے ننھے مداح مرتضیٰ احمدی کی بالآخر اپنے پسندیدہ کھلاڑی لیونل میسی سے ملاقات ہوگئی ہے۔

منگل کو اس ملاقات کا اہتمام 2022ء کے فٹبال ورلڈ کپ کے منتظمین نے کیا جنہوں نے چھ سالہ مرتضیٰ کو خاص طور پر قطر کے دارالحکومت دوحا بلایا جہاں میسی میچ کھیلنے کے لیے آئے ہوئے ہیں۔

میسی اپنے اس ننھے مداح سے مل کر بہت خوش ہوئے اور اسے گود میں اٹھا کر تصاویر بنوائیں۔ بعد ازاں میچ کے لیے ٹیمیں جب میدان میں اتریں تو مرتضیٰ اس وقت بھی میسی کے ہمراہ گراؤنڈ میں آئے۔

منتظمین نے مرتضیٰ کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنے ہیرو سے ملاقات پر بہت خوش ہے اور یہ اس کے لیے ایک خواب سچ ہونے کے مترادف ہے۔

افغان صوبہ غزنی سے تعلق رکھنے والے اس بچے کو اس وقت عالمی سطح پر شہرت ملی جب نیلی اور سفید دھاریوں والے ایک پلاسکٹ بیگ کو میسی کی جرسی کے طور پر پہن کر فٹبال کھیلتے ہوئے اس کی تصویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔

میسی نے مرتضیٰ کے لیے اپنے آٹوگراف کے ساتھ ایک فٹبال اور اصلی جرسی تحفتاً بجھوائی تھی لیکن ان دونوں کی ملاقات کی کوششیں ثمربار نہیں ہو سکی تھیں۔

مرتضیٰ کی تصویر نے دنیا میں شہرت تو خوب کمائی لیکن اس کے والدین کو اپنے جان کو لاحق خطرات کے باعث اپنا آبائی علاقہ چھوڑ کر پاکستان کے جنوب مغربی شہر کوئٹہ کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔

XS
SM
MD
LG