افغان حکام نے کہا ہے کہ جنوبی شہر قندھار میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے دفاتر کے قریب پیر کی صبح ایک خودکش کار بم حملے میں چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے فوراً بعد مزید مسلح جنگجو اس مقام پر پہنچے جہاں اُن کے اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
جس احاطے کے قریب یہ دھماکا ہوا اس میں اقوام متحدہ کے اداروں سمیت متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر قائم ہیں۔
طالبان نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کا ہدف اقوام متحدہ کا ایک ادارہ تھا۔ لیکن مقامی عہدے داروں کے مطابق کار بم دھماکا امریکہ میں قائم بین الاقوامی امدادی تنظیم ’انٹر نیشنل رلیف اینڈ ڈویلپمنٹ‘ کے دفاتر کے قریب ہوا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان ڈین میک نارٹن نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دھماکا عالمی تنظیم کے ادارہ برائے پناہ گرین کی ایک عمارت کے قریب ہوا لیکن ’’ہمارا (اقوام متحدہ کا) تمام بین الاقوامی عملہ محفوظ ہے۔‘‘