افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے ملک کے جنوبی حصے میں ہفتہ کو ایک فضائی کارروائی میں شہری ہلاکتوں پر نیٹو نے معذرت کی ہے۔
پیر کو اتحادی افواج نے صوبہ ہلمند میں نو افراد کی ہلاکت پر معذرت کی، لیکن افغان حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں دو گھروں میں موجود دو خواتین اور 12 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں چھ شہری زخمی بھی ہوئے۔
افغان صدر حامد کرزئی نے اتوار کو امریکی اور نیٹو افواج کو شہری ہلاکتوں پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کی ’’آخری تنبیہ‘‘ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اتحادی افواج رات میں کی جانے والی کارروائیوں میں کمی کریں اور شدت پسندوں کے خلاف آپریشن سے پہلے افغان فورسز سے اجازت لیں تاکہ شہری ہلاکتوں کے امکانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صدر کرزئی کی طرح امریکہ کو بھی شہری ہلاکتوں پر تشویش ہے۔