افغان صوبے پروان میں منگل کے روز گورنر کے دفتر پر ہونے والے خودکش حملے میں ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
حکام کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے صوبائی گورنر کے دفاتر کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس واقعہ میں گورنر کے زخمی ہونے کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اس سے قبل پیر کو نیٹو نے کہا تھا کہ اتحادی اور افغان افواج نے افغانستان کے مشرقی علاقے میں ایک افغان فوجی اہلکار کو ہلاک کر دیا جس نے مئی میں مبینہ طور پر ایک آسٹریلوی فوجی کو ہلاک کر دیا تھا۔
نیٹو کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شفیع اللہ نامی افغان فوجی اہلکار کو گرفتار کرنے کے لیے مشرقی صوبہ خوست میں کارروائی کی گئی تاہم اہلکار کی جانب سے مزاحمت کیے جانے پر اسے ہلاک کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک شخص کو تفتیش کے لیے حراست میں بھی لیا گیا جو بظاہر افغان اہلکار کا بھائی ہے۔
افغان فوجی اہلکار نے نیٹو میں شامل فرانسیسی دستے کے ایک فوجی کو 30 مئی کو افغانستان کے صوبہ ارزگان میں ہلاک کر دیا تھا اور اس کے بعد سے مفرور تھا۔ آسٹریلوی اہلکار افغان فوج کو تربیت فراہم کرنے والوں میں شامل تھا۔
دریں اثناء نیٹو نے کہا ہے کہ پیر کے روز افغانستان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں اس کے تین فوجی ہلاک ہو گئے۔ نیٹو کے مطابق ایک اہلکار جنوب میں کیے گئے ایک بم حملہ میں ہلاک ہوا جب کہ دیگر دو مشرقی علاقوں میں جنگجوؤں کے حملوں میں مارے گئے۔