امریکی ریاست کیلی فورنیا سے ڈیمو کریٹک پارٹی کے رکن کانگریس جان گارامندی نے قانون سازی کے لئے ایک بل متعارف کرایا ہے جس کے تحت افغان فل برائٹ اسکالرز کو خصوصی امیگرینٹ ویزا دیئے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
امریکی کانگریس کے ڈیمو کریٹ رکن، جان گارامندی کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اس قانون سازی کے تحت کسی بھی ایسے افغان شہری کو،جو فل برائٹ اسکالر کے طور پر امریکہ میں رہ چکا ہو، اسے اور اس کے قریبی اہل خانہ کو طالبان کے ظلم و ستم سے بچنے اور محفوظ طریقے سے امریکہ منتقل ہونے میں مدد کے لئے از خود خصوصی امیگرینٹ ویزا جاری کیا جائے گا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے ثقافتی تبادلے کے پروگراموں میں شامل اہم ترین پروگرام ہے، جو امریکہ اور دوسرے ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات، سفارت کاری اور روابط بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ ہمارے افغان اتحادیوں کی مدد کا ایک درست طریقہ ہے، جنہوں نےطالبان اور گیارہ ستمبر کے حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف امریکہ کا ساتھ دیا"۔
مجوزہ بل کو افغان فل برائٹ اسکالر شپ ایکٹ 2021ء کا خصوصی امیگرینٹ ویزا، یا 'ہاوس ریزو لیوشن 5482' کا نام دیا گیا ہے۔
اگر یہ قانون منظور ہو گیا، تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ سات اکتوبر 2001 یا اس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کے لئے منتخب ہو کر امریکہ آکر واپس چلے جانے والے کسی بھی افغان یا افغانستان کی قومیت کے حامل شہری اور اس کے قانونی شریک حیات یا بچوں کو ایک خصوصی امیگرینٹ ویزا جاری کیا جائے گا۔
ان ثقافتی تبادلوں کے پروگرام میں جو ایکسچینج پروگرام شامل ہیں، ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔
بیورو آف ایجو کیشن اینڈ کلچرل افئیرز ایکس چینج پروگرام
ان پروگراموں میں 'فل برائٹ اسکالر ۔ان ریزیڈینس گرانٹ پروگرام'، 'فل برائٹ فارن لینگوایج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام'، 'ہیوبرٹ ایچ ،ہمفری فیلو شپ پروگرام' شامل ہیں۔
انٹرنیشنل وزیٹر لیڈر شپ پروگرام
یہ امریکی محکمہ خارجہ کے زیر اہتمام تعلیمی یا ثقافتی تبادلے کا کوئی بھی ایسا پروگرام ہے جس میں امریکہ کا سفر یا یہاں خاصا زیادہ عرصے تک رہنا، کام کرنا یا تعلیم حاصل کرنا شامل ہو۔
گزشتہ ماہ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجو کیشن،(IIE) نے افغانستان کی دس سابقہ امریکی یونیورسٹیوں(AUAF)کے طالبعلموں کو اسکالرشپس دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا تاکہ وہ بیرون ملک کسی کالج کے کیمپس میں اپنی تعلیم محفوظ طریقے سے دوبارہ شروع کر سکیں۔ اے یو اے ایف کو طالبان قیادت کی حکومت نے اگست کے وسط میں امریکی فورسز کے انخلا کے بعد بند کر دیا تھا۔
آئی آئی ای نے افغان طالبعلموں کی مالی معاونت کےلئے دوسرے پروگراموں کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان میں اسکالر ریسکیو فنڈ شامل ہے جس کے تحت خطرے کے شکار اور دنیا بھر میں شراکت دار کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منتقل شدہ طالبعلموں کو فیلو شپس کے لئے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔
اٹھارہ ہنگامی اسکالر شپس دئے جا چکے ہیں، اور آئندہ کے اسکالرشپس کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
افغان اسکالرز اور مہاجرین کی مدد کے لئے بعض دوسرے پروگرام بھی دستیاب ہیں:
ایمرجینسی اسٹوڈنٹ فنڈ (ESF)
ایمرجینسی اسٹوڈنٹ فنڈ کے تحت ان بین الاقوامی طالبعلموں کو گرانٹس فراہم کی جاتی ہیں جنہیں اپنے آبائی ملکوں میں قدرتی آفات، جنگ یا کسی بحران کے باعث تعلیم میں حائل رکاوٹوں کے پیش نظر امریکہ کے کسی کالج اور یونیورسٹی میں داخلہ دیا جاتا ہے ۔ ای ایس ایف کے تحت، بیس ستمبر سے اب تک،مالی مسائل کے شکار 80 افغان طالبعلموں کو امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے لئے فنڈز فراہم کئے جا چکے ہیں ۔
پلیٹ فارم فار ایجو کیشن ان ایمرجینسیز ریسپانس
یہ ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے جو پناہ گزینوں اور منتقل شدہ طالبعلموں کو اسکالر شپس اور آن لائن لرننگ فراہم کر کے انہیں باہم منسلک کرتا ہے افغانستان کے طالبعلم بھی اس پروگرام میں شمولیت کے اہل ہیں۔
آرٹسٹ پروٹیکشن فنڈ ،اے ایف پی پروگرام
آرٹسٹوں کے تحفظ سے متعلق یہ فنڈ،(APF) افغانستان میں خطرے کے شکار، کسی بھی شعبے کےدو فنکاروں کو فیلو شپ دے گا اور انہیں محفوظ ملکوں میں میزبان اداروں میں میں رہنے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنا کام اور مستقبل کے اپنے منصوبے جاری رکھ سکیں ۔
اوڈیسی اسکالر شپ
یہ اسکالر شپ دس افغان طالبعلموں کو بیرون ملک کسی محفوظ کالج میں تعلیم کے لئے دیا گیا تھا۔ یہ اسکالر شپ اہل اور تعلیم کے متلاشی پناہ گزینوں یا گھر بار چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں منتقل ہونے والے لوگوں کو دنیا بھر میں مکمل طور پر فنڈ کئے گئے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ پروگراموں میں شرکت کے مواقع فراہم کرتا ہے ۔
کولمبیا یونیورسٹی اسکالر شپ فار ڈسپلیسڈ اسٹوڈنٹس،(CUSDS)
نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی ہر سال پناہ گزینوں اور منتقل شدہ دوسرے طالبعلموں کو مکمل اسکالر شپس کی پیش کش کرتی ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی اسکالر شپ فار ڈسپلیسڈ اسٹوڈنٹس،CUSDS پروگرام دسمبر 2019 میں شروع کیا گیا تھا اور اس پروگرام کےتحت اب تک لگ بھگ تیس طلباء کے لئےساٹھ لاکھ ڈالر کی رقم اسکالر شپ کی شکل میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا جا چکا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے اس اسکالر شپ کی منظوری کے لئےاہل درخواست گزار یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر کسی ایک ڈگری پروگرام کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اسکالر شپ کی منظوری کی شرائظ اور درخواستوں کی آخری تاریخ اسکول اور ڈگری پروگرام کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔