رسائی کے لنکس

بھارت کی افغانستان کو ترقیاتی عمل جاری رکھنے کی یقین دہانی


بھارت کی افغانستان کو ترقیاتی عمل جاری رکھنے کی یقین دہانی
بھارت کی افغانستان کو ترقیاتی عمل جاری رکھنے کی یقین دہانی

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے پیر کے روزنئی دہلی میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک افغانستان میں تعمیرنو اور ترقیاتی عمل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

من موہن سنگھ کے مطابق افغان صدر نے ان کو یقین دلایا ہے کہ افغانستان میں موجود تقریباً 3,500 بھارتی شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

بھارت اس وقت افغانستان میں تعمیری منصوبوں کے علاوہ افغان پولیس اور سفارتکاروں کی تربیت میں حصہ لے رہا ہے لیکن گذشتہ مہینوں میں شدت پسندوں کی طرف سے بھارتی شہریوں کو نشانہ بنانے کے بعد اس تعاون کے حوالے سے خدشات سامنے آئے ہیں۔

البتہ بھارتی وزیر اعظم نے پیر کو کہا کہ بھارت افغان حکومت اور عوام کی مدد کے عظم پر قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے علاوہ افغانستان میں مئی میں منعقد ہونے والے امن جرگے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ جرگے میں1400کے لگ بھگ افغان سردار،سیاستدان اور حکومتی عہدیدار طالبان جنگجوؤں کے ساتھ امن کے قیام کے لیے بات چیت شروع کرنے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

من موہن سنگھ سے ملاقات سے پہلے افغان صدر اپنی بھارتی ہم منصب پراتیبا پٹیل سے بھی ملے۔

بھارت میں دو روزہ قیام کے بعد صدر کرزئی بھوٹان جائیں گے جہاں جنوبی ایشیا کے تعاون کی تنظیم سارک کا دو روزہ سربراہ اجلاس 28 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG