رسائی کے لنکس

جمہوری عمل کے ذریعے، اقتدار کی پُرامن منتقلی کی تعریف


کیمپ ڈیوڈ
کیمپ ڈیوڈ

افغان صدر سے بات چیت کے ایجنڈا کے بارے میں، جان کیری نے بتایا کہ آج کا دِن ’غیرمعمولی مصروفیت کا دِن ہوگا‘، جب دِن بھر گفتگو کا سلسلہ جاری رہے گا؛ جب کہ منگل کو وائٹ ہاؤس میں تفصیلی بات چیت ہوگی، جس کے بعد کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ہوگا

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ افغانستان میں تاریخ میں پہلی بار جمہوری عمل کے ذریعے اقتدار کی پُرامن منتقلی واقع ہوئی ہے، اور ساتھ ہی یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں ایک قومی یکجہتی کی حکومت برسرِاقتدار آئی ہے۔

کیمپ ڈیوڈ میں پیر کے روز سرکاری دورہٴامریکہ پر آمد پر، افغان صدر غنی اشرف اور چیف اگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا ایک باضابطہ تقریب میں خیرمقدم کرتے ہوئے، جان کیری نے کہا کہ باہمی بات چیت میں سلامتی سے متعلق امریکی صدر کی پوری ٹیم موجود ہوگی، جہاں کے پُرسکون ماحول میں دِن بھر کھلے دل سے بات چیت ہوگی۔

اُنھوں نے اِس دورے کو ایک تاریخی دورہ قرار دیا۔

قومی یکجہتی کے جذبے کی بنیاد پر مشتمل حکومت تشکیل دینے پر، وزیر خارجہ نے دونوں، ڈاکٹر عبداللہ اور صدر غنی کو سراہا، جنھوں نے، بقول اُن کے، ’یہ بات ممکن بنائی‘۔

اُنھوں نے کہا کہ صدر اوباما کے خیال میں افغان صدر کو کیمپ ڈیوڈ مدعو کرنا مناسب ہوگا؛ جس صحت افزا مقام پر، تاریخی طور پر، سفارتی بات چیت کے لیے بہتر ماحول میسر آتا ہے۔

ایجنڈا کے بارے میں، جان کیری کا کہنا تھا کہ آج کا دِن ’غیرمعمولی مصروفیت کا دِن ہوگا‘، جب دِن بھر گفتگو کا سلسلہ جاری رہے گا؛ جب کہ منگل کو وائٹ ہاؤس میں تفصیلی بات چیت ہوگی، جس کے بعد کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ہوگا۔ بعدازاں، نیویارک کے دورے میں، افغان صدر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے ملاقات کریں گے؛ جب کہ واشنگٹن میں قیام کے دوران افغان صدر معیشت دانوں، صحافیوں، خواتین کے متعدد گروپوں، غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان اور دیگر شعبہ جات کی سرکردہ شخصیات سے ملیں گے۔

بقول اُن کے، ’ہمیں بہت سا کام کرنا ہے۔ ہمیں اِس بات پر خوشی ہے کہ بات چیت کے لیے ایک سازگار ماحول موجود ہے، جس دوران افغانستان کے مستقبل پر سیر حاصل بات ہوگی‘۔

اپنے کلمات میں، صدر اشرف غنی نے کہا کہ وہ اور ڈاکٹر عبداللہ امریکہ کا دورہ اس غرض سے کر رہے ہیں، تاکہ امریکی عوام کا کھلے دل سے شکریہ ادا کرسکیں۔

بقول اُن کے، ’کئی سالوں سے متواتر پُرخلوص حمایت جاری رکھنے پر، ہم تحہ دل سے امریکی عوام، امریکی انتظامیہ اور امریکی کانگریس کے شکرگزار ہیں‘۔

XS
SM
MD
LG