رسائی کے لنکس

افغانستان اور بحرین میں کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق


افغان وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے مشتبہ تین مریضوں میں سے ایک میں وائرس کی تصدیق کی ہے۔
افغان وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے مشتبہ تین مریضوں میں سے ایک میں وائرس کی تصدیق کی ہے۔

افغانستان اور بحرین نے ملک میں کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ وائرس ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں نئے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

افغانستان کے وزیرِ صحت فیروز الدین فیروز نے پیر کو کابل میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کرونا وائرس کے مشتبہ تین میں سے ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

افغانستان نے گزشتہ روز مغربی صوبے ہرات سے تعلق رکھنے والے تین افراد میں کرونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

افغانستان کے وزیر صحت نے صوبہ ہیرات میں ہنگامی صورت حال کے نفاذ کا بھی اعلان کیا ہے۔

افغانستان کے پڑوسی ملک ایران میں اب تک کرونا وائرس سے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ پاکستان نے ایران سے متصل صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

سعودی عرب، کویت، عراق، ترکی، پاکستان اور افغانستان نے ایران سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں کرونا وائرس کے مزید کیس سامنے آئے ہیں جب کہ بحرین نے بھی ملک میں پہلے کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔

کویت نے ایران سے آنے والے تین افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی تھی۔

پیر کو جنوبی کوریا میں مزید 70 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 833 ہو گئی ہے۔

کرونا وائرس سے چین میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2500 سے زائد ہو چکی ہے۔ چینی حکام نے کرونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح میں کمی کے بعد دارالحکومت بیجنگ سمیت دیگر شہریوں میں عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG