افغانستان نے ڈرامائی ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف 224 رنز سے کامیابی کے بعد افغانستان کی ٹیم نے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری فتح حاصل کی ہے۔
چٹا کانگ میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگ میں مجموعی طور پر 342 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے 102 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ اصغر افغان بھی 92 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
افغانستان کے کپتان 20 سالہ راشد خان نے بھی 51 رنز کی اننگ کھیلی۔
جواب میں بنگلہ دیش صرف 205 رنز اسکور کر سکی۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے اپنی اسپن بولنگ کے ذریعے پانچ بنگلہ دیشی بلے بازوں کا شکار کیا جب کہ محمد نبی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق نے 52 رنز اسکور کیے جب کہ دوسرے نمایاں بلے باز 48 رنز بنا کر مصدّق حسین رہے۔
دوسری اننگز میں افغانستان نے مججموعی طور پر 260 رنز اسکور کیے جس میں 87 رنز کے ساتھ ابراہیم زاردان اور اصغر افغان 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
یوں بنگلہ دیش کو میچ میں کامیابی کے لیے 397 رنز کا ہدف ملا۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ افغانستان نے 224 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کرلی۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے دوسری اننگ میں بھی چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
راشد خان نے مجموعی طور پر اس میچ میں 11 شکار کیے جس کی وجہ سے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے اب تک صرف تین ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے اسے دو میں کامیابی ملی ہے۔ مارچ 2019 میں افغانستان نے آئرلینڈ کو ہرا کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی فتح حاصل کی تھی۔ جبکہ بھارت کے خلاف افغان ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں افغانستان 10ویں نمبر پر ہے جب کہ بنگلہ دیش اس سے صرف ایک درجہ بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان اس سیریز میں صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جانا تھا جو افغانستان نے 224 رنز سے اپنے نام کر لیا ہے۔