رسائی کے لنکس

ہلمند: انتخابی دفتر پر حملے میں امیدوار ہلاک


لشکر گاہ
لشکر گاہ

افغانستان کے صوبہٴ ہلمند میں بدھ کے روز ایک امیدوار کے انتخابی دفتر پر ہونے والے بم حملے میں افغانستان کے آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لیے کھڑے ایک امیدوار ہلاک ہوئے۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان، عمر زواک نے بتایا ہے کہ لشکرگاہ شہر میں جبار قہرمان کے انتخابی دفتر میں دھماکہ ہوا جس میں قہرمان ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ہلمند کے ایک ہنگامی اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ دو افراد ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد صوفے کے اندر رکھا ہوا تھا۔ تاہم، چند عینی شاہدین نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ قہرمان کے حامی کا جھانسا دیتے ہوئے ایک خودکش بم حملہ آور دفتر میں داخل ہوا اور اپنے جسم سے بندھی جیکٹ کو بھک سے اڑا دیا۔

ہلمند پولیس کے ترجمان، عبدالسلام افغان نے کہا ہے کہ ایک ٹیم جائے واردات پہنچی تاکہ دھماکے کی تفتیش کی جا سکے۔

طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں، باغی گروپ نے انتخابات کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرنے کا اعلان کیا اور اپنے حامیوں کو احکامات دیے تھے کہ وہ انتخابی عمل میں شرکت کرنے والوں کو حملوں کا نشانہ بنائیں۔

ہلمند میں امیدوار پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل ہونے والا حملہ امیدوار، صالح محمد اچکزئی کے انتخابی دفتر پر ہوا تھا، جس میں امیدوار سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جاری انتخابی مہم کے دوران اب تک 10 امیدوار ہلاک ہوچکے ہیں۔

بیس اکتوبر کو منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں 249 نشستوں کے لیے 2500 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG