افغانستان کے آزاد انتخابی کمیشن نے بدھ کے روز کہا ہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں ڈالے گئے 56لاکھ ووٹوں میں سے 13لاکھ کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
افغان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی 249 نشستوں پر انتخابات کا انعقاد 18 ستمبر کوہوا تھا۔
انتخابات کے حتمی نتائج کے اعلان کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے لیکن انتخابی عمل میں بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے اِن میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ یہ انتخابات طالبان جنگجوؤں کی طرف سے دی گئی دھمکیوں کی موجودگی میں منعقد کیے گئے تھے۔
گذشتہ برس ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی۔