رسائی کے لنکس

فریاب: جنگ بندی کا آغاز ہوتے ہی طالبان نے افغان ضلعے پر دھاوا بول دیا


فائل
فائل

افغانستان میں یکطرفہ سرکاری جنگ بندی کا آغاز ہوتی ہے منگل کے روز طالبان سرکشی زوروں پر رہی جس دوران باغیوں نے ایک ضلعے پر دھاوا بول دیا، جب کہ دوسرے پر چڑھ دوڑنے میں دیر نہیں کی۔

حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ علی الصبح باغیوں نے شمالی صوبہٴ فریاب کے کوہستان علاقے میں حملہ کیا، جس کے نتیجے میں افغان افواج کے کم از کم 12 اہلکار ہلاک جب کہ 13 زخمی ہوئے، جس کے بعد طالبان نے ضلعے پر قبضہ جما لیا۔

صوبائی سرکاری ترجمان نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے افغان افواج نے کوہستان سے پسپائی اختیار کی۔

دریں اثنا، کشیدگی کے شکار صوبہٴ غزنی کے وسط مشرقی ضلعے مقر کے پولیس صدر دفتر کے قریب افغان فوجیں طالبان باغیوں سے نبردآزما ہیں، جہاں سنگین لڑائی جاری ہے۔

سلامتی پر مامور مقامی اہلکاروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی عملے کے کم از کم چھ اہل کار ہلاک ہوئے ہیں۔ افغان ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ کم از کم 26 زخمی ہونے والوں میں ضلعے کے گورنر بھی شامل ہیں، جب کہ دو درجن سے زائد باغیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

دریں اثنا، طالبان کے ایک ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ پیر کے روز امریکی لڑاکا طیاروں نے غزنی میں گروپ کے ریڈیو اسٹیشن ’وائس آف شریعہ‘ کو نشانہ بنایا، جس بات کی امریکی دفاعی حکام نے ابھی تک تصدیق نہیں کی۔

طالبان کے ذبیح اللہ مجاہد نے خبردار کیا کہ اُن کا گروپ ’’دشمن کی اس قسم کی ظالمانہ حرکات کو مزید برداشت نہیں کرے گا، اور اگر ہمارے میڈیا چینلز کے خلاف ایسے اقدامات جاری رہتے ہیں تو ہم اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا‘‘۔

XS
SM
MD
LG