افغانستان میں عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ملک کی ایک مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ حملہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دیر گئے کیا گیا۔
صوبہ وردک کے گورنر کے ترجمان عطااللہ نے بتایا کہ کئی حملہ آوروں نے گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
جو گاڑیاں فائرنگ کی زد میں آئیں اُن میں سے ایک جنوبی افغانستان کی جانب جا رہی تھی۔
اس حملے کی محرکات کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے اور نا ہی کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
گزشتہ ماہ مسلح افراد نے صوبہ زابل میں بسوں کو روک کر شناخت کے بعد اُن میں سوار ہزارہ شیعہ برادری کے 30 افراد کو اغوا کر لیا تھا۔
مغوی ہزارہ شیعہ برادری کے افراد کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔
افغانستان سے بیشتر غیر ملکی افواج کے انخلا کے باوجود وہاں شدت پسندوں کے حملے جاری ہیں۔