فرانس کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ مشرقی افغانستان میں ہونے والے ایک حادثاتی دھماکے میں اس کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔
جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کوجنوبی افغان صوبے کپیسا میں اس وقت پیش آیاجب فرانسیسی فوجی ایک بکتربند گاڑی میں سوار ہونے کی تیاری کررہے تھے۔
دھماکے میں دیگر چار فوجی زخمی بھی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بدھ کو ہونے والی اس تازہ ہلاکت کے بعد 2001ء میں افغانستان میں نیٹو کی جاری کارروائیوں میں مرنے والے فرانسیسی فوجیوں کی تعداد 58ہوگئی ہے۔ افغانستان میں تقریباً چار ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔
ادھر نیٹو کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شمال مغرب میں تین دن سے جاری آپریشن میں 60سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیراستعمال گاڑیوں اور اسلحہ کو تباہ کردیا گیا ہے۔ بدھ کو دیر گئے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان فورسزکے ساتھ یہ مشترکہ کارروائیاں صوبہ فریاب میں غنچغر کے قریب کی جارہی ہیں۔
دریں اثناء ایک روز قبل جلال آباد میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے ۔ اس واقعے میں پولیس اور عام شہریوں سمیت13افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1