رسائی کے لنکس

نیٹو فضائی حملے میں بچے کی ہلاکت پر افغان صدر برہم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغان صدر حامد کرزئی نے متنبہ کیا ہے کہ اس تازہ واقعے سے واشنگٹن کے ساتھ مجوزہ سکیورٹی معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے جنوبی صوبے میں ایک فضائی حملے سے ہونے والی شہری ہلاکت کی تحقیقات کا عزم ظاہر کیا ہے۔

جمعہ کو اتحادی افواج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا کہ نیٹو کے فضائی حملے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک عسکریت پسند کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق ہلمند کے گورنر کی جانب سے یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ عسکریت پسند کے علاوہ اس واقعے میں ایک بچہ ہلاک اور دو خواتین زخمی ہوئی ہیں۔

اتحادی افواج نے شہری جانی نقصان پر بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہری آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام اقدامات کو ملحوظ خاطر رکھے جانے کے عزم پر قائم ہیں۔

افغانستان میں تقریباً 12 سال قبل غیر ملکی افواج کی آمد کے بعد سے مختلف واقعات میں شہری ہلاکتوں کا معاملہ افغان حکومت اور اتحادی افواج کے درمیان کشیدگی کا ایک اہم سبب رہا ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے متنبہ کیا ہے کہ اس تازہ واقعے سے واشنگٹن کے ساتھ مجوزہ سکیورٹی معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

اس معاہدے کے تحت 2014ء کے اواخر میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد اس ملک میں امریکی افواج کی موجودگی کا تعین کیا جانا ہے۔

واشنگٹن اس معاہدے پر دستخط کے لیے کابل سے اصرار کرتے ہوئے کہہ چکا ہے کہ دوسری صورت میں افغانستان کو امریکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔

افغانستان میں سلامتی کی ذمہ داریاں بین الاقوامی افواج سے بتدریج مقامی سکیورٹی فورسز کو منتقل کی جا رہی ہیں لیکن ملک میں موجود طالبان شدت پسندوں اور ان کی بڑھتی ہوئی کارروائی کے پیش نظر مبصرین افغان سیکورٹی فورسز کی استعداد کار پر سوال اٹھاتے آ رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG