افغان عہدے داروں کا کہناہے کہ عسکریت پسندوں نے ہفتے کے روز ملک کے شمالی حصے میں پولیس کی ایک گاڑی پر گھات لگا کرحملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہل کار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت داخلہ کا کہناہے کہ شورش پسندوں کا یہ حملہ صوبے ننگرہار کے ضلع ڈیرہ نور کے ایک علاقے میں ہوا۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب افغاان سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت اور امن وامان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تیاریاں کررہی ہیں کیونکہ اس سال کے آخر میں غیر ملکی فوجیوں کی واپسی کا عمل شروع ہوسکتا ہے۔
ایک اور خبر کے مطابق ہفتے کے روز نیٹو کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس میں اتحادی افواج کے مطابق عملے کے دونوں ارکان کو بچا لیا گیا۔ اس بارے میں مزید کوئی خبر نہیں دی گئی۔ یہ حادثہ مشرقی صوبے کپتیا میں پیش آیا۔