افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ بم حملوں کے دو مختلف واقعات میں تین اتحادی فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ اتحادی افواج کے ساتھ جھڑپ میں تیس عسکریت پسند مارے گئے۔
نیٹو کی طرف سے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دو اتحادی فوجی مشرقی افغانستان میں جبکہ تیسرا فوجی جنوبی حصے میں بم حملے کانشانہ بنا۔ بیان میں ان واقعات کی مزید تفصیلات اور مرنے والے فوجیوں کی قومیت نہیں بتائی گئی۔
ایک اور بیان کے مطابق صوبہ لغمان میں اتحادی فوجیوں اور افغان سکیورٹی فورسز کی ایک مشترکہ کارروائی میں تیس عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
افغانستان میں2001ء میں امریکہ اور اس کی اتحادی افواج کے آمد کے بعد رواں سال اتحادی افواج کے لیے سب سے ہلاکت خیز سال ثابت ہوا ہے۔ اب تک مرنے والے اتحادی فوجیوں کی تعداد 531ہوگئی ہے جن میں 60فیصد امریکی ہیں۔