رسائی کے لنکس

کابل: خودکش کار بم دھماکے میں نیٹو فوجیوں سمیت 15 ہلاک


یہ حملہ دارالحکومت کابل کے صنعتی علاقے میں کیا گیا، پولیس کے مطابق خودکش بمبار ایک کار میں سوار تھا اور اس نے غیر ملکی فوجیوں کے قافلے سے اپنی گاڑی ٹکرائی۔

افغانستان میں نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ ایک خودکش کار بم دھماکے میں چھ غیر ملکیوں سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز نے بین الاقوامی اتحادی افواج (ایساف) کے حوالے سے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں میں دو نیٹو فوجی جب کہ چار سویلین ’کنٹریکٹر‘ شامل ہیں۔

دیگر ہلاک ہونے والے نو افغان شہریوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

کابل میں پولیس حکام نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی غیر ملکی فوجیوں کے قافلے سے ٹکرائی اور اس واقعے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حزب اسلامی کے عسکریت پسندوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہدف امریکی مشیر تھے۔

مارچ میں امریکی وزیر دفاع چیک ہیگل کے دورے کے دوران بھی کابل میں وزارت دفاع کے مرکزی دروازے کے قریب خودکش بم حملہ کیا گیا تھا جس میں نو افغان ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG