رسائی کے لنکس

افغانستان میں بدھ مت دور کے آثار دریافت


بامیان میں واقع قد آور بدھ مجسمہ جسے طالبان نے تباہ کر دیا تھا۔ ( فائل فوٹو)
بامیان میں واقع قد آور بدھ مجسمہ جسے طالبان نے تباہ کر دیا تھا۔ ( فائل فوٹو)

افغانستان میں ماہرین نے کابل کے جنوب میں آثار قدیمہ کی نشاندہی کی ہے جن کا تعلق بدھ مت دورسے بتایا گیا ہے۔

افغان محکمہ آثار قدیمہ کے سربراہ محمد نادر رسولی نے بتایا کہ صوبہ لوگر کے علاقے آئینک میں تقریباً 12کلومیٹر رقبے پر کھدائی کے دوران ملنے والی باقیات میں عبادت گاہ،تبرکات،خوبصورت کمرے اور چھوٹے بڑے مجسمے شامل ہیں جن میں دو کی لمبائی سات اور نو میٹر ہے۔ ان کے بقول کچھ نوادرات پانچویں صدی عیسوی تک کے ہیں جب کہ کچھ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ قبل مسیح یا قبل از تاریخ کے بھی ہوسکتے ہیں۔

چین مشرقی افغانستان کے اس علاقے میں تانبے کے ذخائر کی کان کنی کررہا ہے تاہم رسولی کا کہنا تھا کہ چینی کان کنی سے آثارقدیمہ کی اس جگہ کو نقصان نہیں پہنچا ہے کیونکہ افغان ماہرین اس علاقے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ تھے لیکن اب تک یہاں کوئی تفصیلی مشاہدہ نہیں کیا گیا تھا۔

انھوں نے اعتراف کیا کہ پچھلے سال کھدائی کا کام شروع ہونے سے پہلے نوادرات اسمگل کرنے والوں نے کچھ کھنڈرات کو تباہ اور قیمتی نوادرات کو چوری کیا تھا۔

نادر رسولی نے بین الاقوامی ماہرین سے ان نوادرات کی دیکھ بھال اور مزید کھدائی کے لیے معاونت کی درخواست بھی کی۔ ان کے بقول حکومت کے پاس ان باقیات کو محفوظ کرنے کے وسائل نہیں تھے جب کہ لوگر میں طالبان عسکریت پسندوں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں لیکن انھوں نے اس علاقے میں ایک عجائب گھر بنانے کی امید کا اظہار بھی کیا ۔

افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری لڑائی اور خانہ جنگی میں ملک کے تاریخی مقامات اور کھنڈرات تباہ ہوچکے ہیں۔ اس وقت ملک کی تمام تر آبادی مسلمان ہے لیکن اپنی طویل تاریخ کے دوران افغانستان نے ہندو،بدھ اور آتش پرستوں کے ادوار بھی دیکھے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اس تاریخی ورثے کو زیادہ نقصان 1990ء کے اواخر میں طالبان کے دور حکومت میں پہنچا۔ وسطی صوبے بامیان میں بدھ مت کے دو طویل الاقامت مجسموں کو بھی طالبان نے اسلام کے منافی قرار دے کر دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔جس کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی۔ اس وقت یونیسکو اور جاپان مل کر اسی مقام پر ان مجسموں کی شبیہہ کو بحال کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG