پاکستانی ڈراموں کے اداکار سجل علی اور احد رضامیر کی شادی جلد متوقع ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دونوں کی شادی اگلے سال موسم بہار یعنی مارچ تک ہوسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سجل علی اور احد رضا میر پاکستان کے ٹی وی ڈراموں کی مقبول ترین جوڑیوں میں سے ہیں۔ دونوں کی اسکرین کیمسٹری بہت اچھی شمار ہوتی ہے، دونوں کو ایک ساتھ ٹی وی پر دیکھ کر لوگ محظوظ ہوتے ہیں اور کسی حد تک اس حق میں بھی ہیں کہ دونوں جلد شادی کرلیں۔
سجل علی اور احد رضا میر کی شادی کے حوالے سے مقامی میڈیا بھی بہت سرگرم دکھائی دے رہا ہے۔ ان کی شادی کی خبریں تقریباً ہر خبرنامے کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
دونوں فنکاروں کی منگنی رواں سال جون میں ہوئی تھی جس کا اعلان دونوں کی جانب سے سوشل میڈیا پرکیا گیا تھا۔ انہی خبروں پر ان کے پرستاروں نے جلد شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
مقامی میڈیا میں شادی کی تاریخ کے حوالے سے گوکہ کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی جارہی لیکن اطلاعات ہیں کہ اگلے چھ ماہ میں دونوں کی شادی ہوجائے گی۔
انگریزی روزنامہ 'دی نیوز' کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ شادی اگلے برس موسم بہار میں ہوگی یعنی مارچ تک شادی کی توقع کی جاسکتی ہے۔
رپورٹ کےمطابق سجل علی اور احد رضا میر پاکستان سے باہر کسی ملک میں شادی کریں گے جس میں دونوں فنکاروں کے اہل خانہ اور چند قریبی رشتے دار ہی شرکت کریں گے لیکن شادی کی ایک تقریب پاکستان میں بھی ہوگی۔
ان دنوں بھی ہم ٹی وی سے ان کا ایک ڈرامہ یہ دل ہے میرا دکھایا جارہا ہے اور اس ڈرامے میں بھی دونوں فنکار ایک ساتھ کام کرتے نظر آرہے ہیں۔
اس سے قبل دونوں فنکار ’یقین کا سفر‘ اور ’آنگن‘ جیسے ڈراموں میں بھی ساتھ ساتھ کام کرچکے ہیں۔
سجل علی بھارت کی ایک فلم میں بھی کام کرچکی ہیں جس میں آنجہانی سری دیوی نے بھی کام کیا تھا اور اسی فلم میں انہیں اپنی بیٹی بنایا تھا۔