رسائی کے لنکس

کراچی: فنکار بھی ’بھتے‘ کی زد میں


ٹی وی فنکارہ سجل علی کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے۔ بھتہ مانگنے والے نے دھمکی دی ہے کہ اگر سجل نے پولیس یا میڈیا کو اس کی خبر کی تو ان کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

ملک میں نئی حکومت کے برسر ِاقتدار آجانے کے باوجود کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا جن بے قابو ہے۔ ابھی تک تو دکانداروں، تاجروں، صنعت کاروں اور ڈاکٹرز کو ہی بھتے کی پرچیاں مل رہی تھیں مگر اب فنکار بھی اس کی زد میں آگئے ہیں۔

ٹی وی ڈراموں خاص کر’جیو‘ ٹی وی کی ڈرامے سیریل’ننھی‘ سے گھر گھر شہرت پانے والی اداکارہ سجل علی کو دو روز قبل بھتے کی پرچی ملی ہے جس کے ساتھ بندوق کی دوگ ولیاں بھی موجود ہیں۔

روزنامہ’ ایکسپریس‘ کراچی کی ایک رپورٹ میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھتہ مانگنے والے نے دھمکی دی ہے کہ اگر سجل نے پولیس یا میڈیا کو اس کی خبر کی تو ان کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

سجل علی کا کہنا ہے کہ کراچی ڈرامے کے اعتبار سے تو انہیں راس آگیا مگر یہاں کے حالات نے بے چین کیا ہوا ہے لہذا وہ جلد دوبارہ لاہور شفٹ ہوجائیں گی۔

سجل کو 4 لاکھ روپے بھتے کی پرچی ملی ہے۔ اس پرچی کے بعد انھیں کچھ دھمکی آمیز فون کالز بھی ملی ہیں جن میں انہیں اور ان کے اہل ِخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس صورتحال کے بعد سجل نے اپنی رہائش تبدیل کرلی ہے ۔

ٹی وی اور فلم سے جڑے مختلف سینئر فنکاروں نے اس صورتحال پر سخت حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹی وی ایکٹر نبیل کا کہنا ہے کہ اگر یہی حالات رہے تو فنکار ہجرت کرجائیں گے۔

حنا دل پذیر کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ انہیں اس صورتحال پر انتہائی حیرت ہورہی ہے۔ ہماری حکومت کو چاہیے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے۔

اداکار قیصرخان نظامانی کا کہنا ہے کہ سجل کے ساتھ اس طرح کی صورتِ حال پیش آنا قابل مذمت ہے۔
XS
SM
MD
LG