خوراک، ادویات اور پانی سمیت انسانی ہمدردی کے تحت امداد لے جانے والے ٹرک ہفتے کے روز مصر کے زیر انتطام رفح راہداری کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
رفح کے قریب ٹرک کئی دنوں سے بارڈر کھلنے کے انتظار میں قطار میں کھڑے تھے۔ہفتے کو ٹیلی ویژن چینلز پر ٹرکوں کو مصر کی جانب سے رفح سرحدی گزرگاہ کے علاقے میں جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
محصور غزہ کے بیس لاکھ سے زیادہ آبادی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد امداد کی منتظر ہے۔غزہ کو کنٹرول کرنے والی عسکری تنظیم حماس کے مطابق ہفتے کے روز صرف 20 ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے، جو محدود مقدار میں امداد لے کر آئیں گے۔
دو ہفتے قبل حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کردی تھی۔ حماس کےاسرائیل پر حملوں میں تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی میں3500 سے زائد فلسطینی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل میں امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ رفح سرحدی گزرگاہ کھلے رہنے کے دوران کوئی بھی غیر ملکی شہری غزہ چھوڑنے کی کوشش کر رہا ہے تو "کراسنگ کے دونوں جانب ممکنہ طور پر افراتفری اور بے ترتیبی کے ماحول کی توقع کرنی چاہیے۔"
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے جمعے کو کہا تھا کہ مصر اور غزہ کی پٹی کی سرحد پر پھنسے ہوئے درجنوں امدادی ٹرک ایک ’لائف لائن‘ ہیں جنہیں تعینات کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
ا ن کےبقول، "ہمیں ضرورت ہے، ہمیں ان ٹرکوں کو جتنی جلدی ممکن ہو اور زیادہ سے زیادہ ضروری طور پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے،"
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بدھ کو تل ابیب میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے مصر سے غزہ تک محدود انسانی امداد کی آمد شروع کرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
تل ابیب نے ساتھ ہی انتباہ کیا تھا کہ یہ امداد معائنے سے مشروط ہو گی اور یہ کہ امداد صرف شہریوں کے پاس پہنچنی چاہیے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اقوامِ متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 100 ٹرکوں کی ضرورت ہے۔
تنازع شروع ہونے سے پہلے روزانہ اوسطاً 450 امدادی ٹرک وہاں پہنچ رہے تھے۔
جب عالمی ادارہ امداد کی رفح کے ذریعہ ترسیل کا انتظار کر رہا تھا اس کی ایجنسیوں نے رفح کے لیے 3,000 ٹن سے زیادہ سامان روانہ کیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاس 1,000 ٹن کھانے کے لیے تیار اور ڈبہ بند کھانا ہے جو پانچ لاکھ لوگوں کو ایک ہفتے کے لیے کھانا کھلانے کے لیے کافی ہے-
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے جمعہ کو کہاتھا کہ رفح گزرگاہ کے قریب مصری ہوائی اڈے پر مزید طبی سامان پہنچ گیا ہے، جو 1,000 سرجریوں کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔
اس خبر میں شامل کچھ معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔
فورم