رسائی کے لنکس

اجے دیوگن کی 'سنگھم اگین' اور کارتک کی 'بھول بھلیاں-تھری' کی ریلیز میں کلیش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کی دو بڑی فرنچائزز 'سنگھم' اور 'بھول بھلیاں' کی نئی آنے والے فلموں کی ریلیز کی تاریخ میں کلیش ہو گیا ہے۔ دونوں فلموں کو دیوالی کے موقع ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بالی وڈ میں عام طور پر بڑی فلموں کی ریلیز کے لیے خاص تہوار کا انتظار کیا جاتا ہے۔ سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان اور اکشے کمار جیسے اداکار عموماً اپنی فلمیں عید، کرسمس، دیوالی یا نیو ایئر کے موقع پر ریلیز کرتے ہیں۔

حال ہی میں بھارت کے معروف فلمی ناقد ترن آدرش نے اپنے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ روہت شیٹی کی سپر ہٹ فرنچائز 'سنگھم' کا تیسرا حصہ 'سنگھم اگین' دیوالی 2024 پر ریلیز کیا جائے گا۔

'سنگھم' کا پہلا حصہ 2011 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اجے دیوگن کے علاوہ اداکارہ کاجل اگروال اور پراکاش راج نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ بعدازاں 2014 میں 'سنگھم ریٹرنز' ریلیزہوئی۔ یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق اداکار کارتک آریان کی فلم 'بھول بھلیاں تھری' بھی دیوالی 2024 پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

یہ فلم انیس بزمی اور بھوشن کمار کی فرنچائز 'بھول بھلیاں' کی تیسری فلم ہوگی۔

اداکار کارتک آریان کو گزشتہ برس 'بھول بھلیاں-ٹو' کے بعد خاصی شہرت ملی تھی۔ یہ فلم 2022 میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی بالی وڈ فلموں میں سے ایک تھی۔

'بھول بھلیاں' 2007 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں مرکزی کردار اکشے کمار نے ادا کیا تھا۔ بعدازاں 2022 میں ریلیز ہونے والے اس کے دوسرے حصے میں اداکار کارتک آریان کو کاسٹ کیا گیا تھا۔ اب فلم کے تیسرے حصے میں بھی کارتک ہی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

البتہ دونوں فرنچائزز کے فلم سازوں نے اپنی اپنی فلموں کی ریلیز کی تاریخ بدلنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG