رسائی کے لنکس

امریکہ میں نفرت پرمبنی جرائم میں ریکارڈ اضافہ ہوا: ایف بی آئی


شکاگو میں 2021 میں نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ (فائل فوٹو)
شکاگو میں 2021 میں نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ (فائل فوٹو)

ایف بی آئی نے نفرت پرمبنی جرائم کی اپنی سالانہ رپورٹ کے ضمیمے میں کہا ہےکہ 2021 میں امریکہ میں نفرت پر مبنی جرائم کی تعداد میں ڈرامائی طور پراضافہ ہوا اورتقریباً 11,000 واقعات ریکارڈ پر آئے۔

2021 میں نفرت پر مبنی جرائم کے 10,840 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق اس سے پچھلے سال رپورٹ کردہ 8,263 کے مقابلے میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔ ایف بی آئی نے اس سے قبل نامکمل اعداد و شمار کی بنیاد پر 2021 میں نفرت پر مبنی جرائم کی تعداد 7,262 بتائی تھی۔

کیلی فورنیا سٹیٹ یونیورسٹی، سان برنارڈینو میں نفرت اورانتہا پسندی کے مطالعہ کے مرکز کے ڈائریکٹربرائن لیون کے مطابق، 2021 میں نفرت پرمبنی جرائم میں اضافہ تین دہائیوں میں سب سے زیادہ تھا۔

لیون نے وی او اے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ’’یہ رپورٹ ایک نئے خوفناک دورکی عکاس ہے جس میں ہم نے کئی سالوں سے بڑھتی ہوئی تعداد کو نوٹ کیا اورپھر 2021 میں سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ‘‘۔

ایف بی آئی نفرت پر مبنی جرم کی تعریف ایک ایسے مجرمانہ فعل کے طور پر کرتا ہے جو ’’نسل، مذہب، معذوری، جنسی رجحان، جنس یا صنفی شناخت کے خلاف مجرم کے تعصب کی وجہ سے کیا جاتا ہے‘‘۔

نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف کیلی فورنیا میں ہونے والا مظاہرہ (فايل فوٹو)
نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف کیلی فورنیا میں ہونے والا مظاہرہ (فايل فوٹو)

2021 میں سب سے زیادہ رپورٹ کیے گئے نفرت پر مبنی جرائم میں ڈرانا دھمکانا، معمولی حملہ ،تباہی پھیلانا، نقصان اور توڑ پھوڑ وغیرہ شامل ہیں۔

ضمنی رپورٹ میں سر فہرست پانچ اقسام کے حملوں کو رکھا گیا: سیاہ فام دشمنی، سفید فام دشمنی، ہم جنس پرست مردوں کے خلاف حملے، یہودی مخالف اورایشیائی نژاد افراد کے خلاف حملے۔

ایف بی آئی کی 2022 کے نفرت پر مبنی جرائم کی رپورٹ موسم خزاں میں سامنے آنے والی ہے۔ لیون نے کہا کہ سینٹر فار دی اسٹڈی آف ہیٹ اینڈ ایکسٹریمزم کی طرف سے مرتب کیے گئے پولیس کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پچھلے سال بڑے امریکی شہروں میں نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ ہوتا رہا۔

اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کے ماتحت محکمہ انصاف نے نفرت پر مبنی جرائم کا مقابلہ کرنے کو ایجنسی کے لیے اولین ترجیح بنایا ہے۔

ایسوسی ایٹ اٹارنی جنرل وینیتا گپتا نے ایک بیان میں کہا، ’’ایف بی آئی کی ضمنی رپورٹ ملک بھر میں نفرت پر مبنی جرائم کی مزید مکمل تصویر فراہم کرنے کے لیے ریاست اورمقامی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’’ہم یہیں نہیں رکیں گے۔ ہم ملک بھر میں ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ایف بی آئی کی نفرت پرمبنی جرائم کے اعدادوشمار کی رپورٹنگ میں اضافہ کیا جا سکے۔ نفرت پر مبنی جرائم اور ان کی وجہ سے کمیونٹیز کو پہنچنے والے نقصان کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے‘‘۔

(وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG