امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوب و وسطی ایشیائی امور، ایلس ویلز یکم نومبر سے سات نومبر تک تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش کا دورہ کریں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ بینکاک میں معاون وزیر خارجہ امریکہ کے علاقائی پارٹنرز کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی، جو مشرقی ایشیا کے سربراہوں اور 'انڈو پیسیفک کاروباری فورم' کے اجلاسوں کے احاطے سے باہر ہوں گی۔
اس کے علاوہ ایلس ویلز چار ملکی (بھارت، آسٹریلیا، جاپان اور امریکہ) اتحاد کے مشاورتی اجلاس میں شریک ہوں گی۔
بینکاک سے ایلس ویلز بنگلہ دیش جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق، ڈھاکہ میں امریکی معاون وزیر خارجہ بنگلہ دیش حکومت کے اعلیٰ حکام اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کریں گی۔
کاکسس بازار میں، وہ بنگلہ دیشی اہل کاروں، بین الاقوامی اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گی، جس میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں پر بات چیت کریں گی۔
وہ ان مسائل کا جائزہ لیں گی جن کا پناہ گزینوں اور ان کی میزبانی کرنے والے ملکوں کو سامنا ہے۔
اس سے قبل، امریکی محکمہٴ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میانمار واپس جانے والے روہنگیا افراد کو ہر صورت نقل و حمل کی آزادی حاصل ہونی چاہیے اور اُنہیں کیمپوں میں محدود نہیں رکھا جانا چاہیے۔
اگست 2017 میں میانمار میں تشدد اور بلوے بھڑک اٹھنے کے نتیجے میں 10 لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں میں سے تین چوتھائی بنگلہ دیش چلے گئے تھے۔